پمز کا نیا ایمرجنسی وارڈ اپریل کے آخر تک مکمل ہو جائے گا

منگل 12 اپریل 2016 17:09

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 اپریل۔2016ء) پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کا نیا ایمرجنسی وارڈ اپریل کے آخر تک مکمل ہو جائے گا۔ منگل کو پمز کے ترجمان نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ ہسپتال کے نئے ایمرجنسی وارڈ پر 90 فیصد کام مکمل ہو گیا ہے اور رواں ماہ کے آخر تک اس کا افتتاح کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں مریض ملک بھر سے ایمرجنسی وارڈ میں آتے ہیں۔

وزیر مملکت کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن (کیڈ) ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے گذشتہ ماہ نئے ایمرجنسی وارڈ کی تعمیر کی ہدایت کی تھی کیونکہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔ منصوبہ کو فاسٹ ٹریک بنیادوں پر مکمل کیا گیا ہے، اس میں جدید سہولیات سمیت سی ٹی سکین اور ایکسرے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔