پاکستان کو ایشیئن ٹائیگر بنانا اور دنیا کی دس بڑی معاشی قوتوں میں شامل کرنا ہے‘جو ترقی پاکستان نے گزشتہ15سال میں نہیں کی موجودہ حکومت نے3سال میں کر دکھائی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا پنجاب یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب

منگل 12 اپریل 2016 17:08

لاہور۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایشیئن ٹائیگر بنانا اور دنیا کی دس بڑی معاشی قوتوں میں شامل کرنا ہے، یہ بات انہوں نے منگل کے روز وژن 2025ء کے سلسلہ میں پنجاب یونیورسٹی میں کلسٹر سنٹر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک دن بدن ترقی کر رہا ہے جبکہ ملک کی سب سے بڑی طاقت نوجوان طبقہ ہے، کسی بھی ملک کی ترقی میں نوجوان خصوصاً طلبا اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس موقع پر انہوں نے حدیث نبویﷺ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ” مومن وہ ہے جس کا ہر آنے والا دن گزشتہ دن کے نسبت بہترہو“۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو ترقی پاکستان نے گزشتہ15سال میں نہیں کی موجودہ حکومت نے3سال میں کر دکھائی جو بڑا کارنامہ ہے ، انہوں نے کہا کہ تعلیم کے پرانے طریقے ترک کر کے نئے طریقوں کو اپنانا ہوگا، انہوں نے کہا کہ جس ملک کے افراد تعلیم اور ہنر کے زیور سے مالا مال ہوں وہ ملک ترقی کرتا ہے اور ہم نئی نسل کو تعلیم اور ہنر سے آراستہ کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہر دور میں دو طرح کے لوگ ہوتے ہیں ایک وہ جو امید دلاتے ہیں اور دوسرے وہ جو مایوسی پھیلاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ خود پر یقین اور مثبت سوچ رکھیں اور ترقی کی منازل طے کرتے جائیں اسی میں سب کی بھلائی و بہتری ہے، انہوں نے کہا کہ جب پاکستان بنا تو ملک چلانے کے لئے بجٹ نہیں تھا ،سیاسی پنڈت کہتے تھے ملک بنانا قائد اعظم کی ضد ہے اور یہ جلد پکے فروٹ کی طرح ہماری جھولی میں گر جائے گا لیکن اللہ کے کرم سے آج بھی قائم ہے اور رہتی دنیا تک قائم و دائم رہے گا، انہوں نے کہا کہ جب پاکستان بنا تو ہمارے پاس کامن پن بھی نہیں تھی لیکن آج پاکستان ساتویں ایٹمی طاقت ہے، تقسیم ہند کے وقت انڈیا کے پاس سٹیل ملز تھیں لیکن ہمارے پاس ٹیکسٹائل کے دو یونٹ تھے مگر اس کے باوجود آج پاکستان جے ایف تھنڈر طیارے تیار کر رہاہے،انہوں نے کہا کہ علم حاصل کرو یہ اللہ کا حکم ہے، مسلم امہ نے اپنی تاریخ میں بہترین سائنسدان پیدا کئے،انہوں نے کہا کہ عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کیلئے اساتذہ کو تدریسی عمل کو تبدیل کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ پاک‘چین اقتصادی راہداری کے منصوبہ سے معیشت مزید متحرک ہو جائیگی، انہوں نے کہا کہ 25اپریل 2015ء سے پہلے دنیا پاکستان کو دہشتگروں کی محفوظ پناہ گاہ سمجھتی تھی لیکن اس کے بعد پاکستان امن کا گہوارہ ثابت ہوا،بعدازاں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کلسٹر سنٹر آف پنجاب یونیورسٹی کا افتتاح کیا۔