بلاول بھٹو زرداری کا سندھی ادب کی قدآور شخصیت اور متعدد کتابوں کے مصنف آغا سلیم کے انتقال پر اظہار افسوس

منگل 12 اپریل 2016 16:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اپریل۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھی ادب کی قدآور شخصیت، نامور ناول نگار، شاعر اور متعدد کتابوں کے مصنف آغا سلیم کے انتقال پر انتہائی غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے،پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے آغا سلیم کی ادب کے میدان میں خدمات اور ان کی جانب سے حضرت شاہ عبداللطیف کی شاعری کو انگریزی اور اردو میں ترجمہ کرنے پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا ہے کہ آغا سلیم کے انتقال کی وجہ سے سندھی ادب میں ایک بڑا خال پیدا ہوا ہے جو کہ مستقبل قریب میں بھرنا مشکل ہے، مرحوم آغا سلیم کی یادیں ہمارے اور ایک ترقی پسند معاشرے میں ادب کی اہمیت سے واقف اور ادب کوچاہنے والوں کے ہمیشہ ساتھ رہیں گی،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آغا سلیم کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور لواحقین کو صبروجمیل کی توفیق عطا فرمائے۔