ضلع بونیر میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے خطیر رقوم مختص کی ہیں ،حبیب الرحمان

منگل 12 اپریل 2016 16:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اپریل۔2016ء) خیبرپختونخوا کے وزیر زکواة ،اوقاف ومذہبی امور حاجی حبیب الرحمن نے کہا ہے کہ بونیر کے عوام کی ترقی اورخوشحالی کے لئے ماضی میں بھی اربوں روپے کی ترقیاتی سکیموں کااجراء کیاتھا اور آئندہ کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے بھی خطیر رقوم مختص کی ہیں جن سے علاقے میں خوشحالی کے ایک نئے دور کاآغاز ہوگا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گذشتہ روزضلع بونیر میں شہدی سرکے کے مقام پراقراء سکول اینڈ کالج میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ ٹال مٹول کے قائل نہیں عوام سے جوبھی وعدہ کیاانشاء اللہ وہ ایفا کیا جائیگا۔ انہوں نے علاقے کے عمائدین سے کہا کہ وہ آگے آئیں اور علاقے کے مسائل اورمشکلات کودورکرنے کے لئے انہیں اپنی تجاویز دیں تاکہ ترقیاتی منصوبوں کااجراء ان کی مرضی اورمنشاء کے مطابق کیاجاسکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر نے سڑکوں کی تعمیر کے لئے فنڈ کی فراہمی کابھی اعلان کیا۔اجتماع سے ایم این اے شیراکبر خان اورضلعی ناظم ڈاکٹر عبیداللہ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی شیراکبر خان نے موضع چغرزئی کے لئے نئے فیڈر پر کام شروع کرنے کابھی اعلان کیا۔ بعدازاں صوبائی وزیرنے ڈگری کالج چغرزئی کی سائٹ کابھی معائنہ کیا۔

متعلقہ عنوان :