سندھ ہائیکورٹ،ڈاکٹر عاصم کیس میں انیس قائم خانی کی عبوری ضمانت منظور

منگل 12 اپریل 2016 16:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اپریل۔2016ء) ڈاکٹر عاصم کے خلاف دہشت گردوں کی معاونت اور ان کے علاج سے متعلق کیس میں سندھ ہائی کورٹ نے پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس احمد قائم خانی کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی ہے ۔منگل کوپاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس قائم خانی سابق سٹی ناظم مصطفی کمال کے ہمراہ سندھ ہائی کورٹ پہنچے جہاں انہوں نے ڈاکٹر عاصم کے خلاف دہشت گردوں کی معاونت اور ان کے علاج سے متعلق کیس میں حفاظتی ضمانت کی درخواست جمع کرائی۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ انہوں نے کبھی بھی ڈاکٹر عاصم کو دہشت گردوں کے علاج کے لیے فون نہیں کیا ،اس معاملے سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے اس لیے عدالت سے درخواست ہے کہ ان کی حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔عدالت نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض انیس احمد قائم خانی کی عبوری ضمانت منظور کرلی ہے ۔واضح رہے کہ انیس قائم خانی پر دہشت گردوں کی معاونت اور ان کے علاج معالجے میں سہولت کاری کے الزامات ہیں اور اس مقدمے میں ان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوچکے ہیں۔