15 ویں قومی نیٹ بال چیمپئن شپ میں کل مردوں کے 6 اور خواتین کے 4 میچ کھیلے جائیں گے

منگل 12 اپریل 2016 11:55

اسلام آباد ۔ 12 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 اپریل۔2016ء) پاکستان نیٹ بال فیڈریشن (پی این ایف) کے زیراہتمام اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے15 ویں قومی نیٹ بال چیمپئن شپ میں مردوں کے 6 جبکہ خواتین کے 4 میچز کل بدھ کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کے حمیدی ہال میں کھیلے جائیں گے۔ مردوں کے مقابلوں میں پاکستان پولیس کا مقابلہ بلوچستان سے، سندھ کا مقابلہ خیبرپختونخوا سے، پاکستان ایئرفورس کا مقابلہ فاٹا سے، پاکستان واپڈا کا مقابلہ پنجاب سے، سندھ کا مقابلہ بلوچستان، دفاعی چیمپئن پاکستان آرمی کا مقابلہ پاکستان پولیس سے ہوگا۔

مردوں کے میچز دوپہر بارہ بجے سے شام سات بجے تک کھیلے جائیں گے۔ خواتین کے مقابلوں میں دفاعی چیمپئن سندھ کا مقابلہ لمز یونیورسٹی سے، پاکستان واپڈا کا مقابلہ خیبرپختونخوا سے، پاکستان آرمی کا مقابلہ اسلام آباد سے جبکہ پنجاب کا مقابلہ فاٹا سے ہوگا۔

(جاری ہے)

خواتین کے مقابلے صبح نوبجے سے دوپہر بارہ بجے تک کھیلے جائیں گے۔ مردوں کے ایونٹ میں نو ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جن کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں دفاعی چیمپئن پاکستان آرمی، سندھ، پاکستان پولیس، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور گروپ بی میں پاکستان ایئرفورس، پاکستان واپڈا، پنجاب اور فاٹا کی ٹیمیں شامل ہیں۔

خواتین کے ایونٹ میں آٹھ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں دفاعی چیمپئن سندھ، پاکستان واپڈا، خیبرپختونخوا، لمز یونیورسٹی اور گروپ بی میں پاکستان آرمی، پنجاب، فاٹا اور اسلام آباد کی ٹیمیں شامل ہیں۔ چیمپئن شپ کے فائنلز 15 اپریل کو کھیلے جائیں گے،چیمپئن شپ میں پاکستان آرمی مردوں جبکہ سند ھ کی ٹیم خواتین کے مقابلوں میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔