بوئنگ کو ایران کے ساتھ معاہدے میں پابندیوں کا سامنا،ایئربس نے 25 ارب ڈالر کا معاہدہ کرلیا

منگل 12 اپریل 2016 11:53

نیویارک ۔ 12 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اپریل۔2016ء) امریکا کی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کو ایران کے ساتھ طیاروں کی فروخت کے معاہدے میں مشکلات کا سامنا ہونے سے اس کی یورپی حریف طیارہ ساز کمپنی ایئربس نے فائدہ اٹھایا اور ایران سے 25 ارب ڈالر کا معاہدہ کرلیا۔

(جاری ہے)

کمپنی کے ترجمان جان ڈرن نے صحافیوں کو بتایا کہ ایران پر سے اقتصادی پابندیوں کے خاتمے کے بعد بوئنگ وہاں اپنے طیاروں کیلئے مارکیٹ کی تلاش میں ہے،اس سلسلے میں پچھلے ہفتے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کی ایرانی حکام کے ساتھ بات چیت بھی ہوئی تاہم اس سلسلے میں قانونی مشکلات درپیش ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ایران پر سے پابندیوں کے خاتمے کے بعد وزارت خزانہ نے وہاں مارکیٹ کی تلاش کی اجازت دے دی تھی تاہم طیاروں کی فروخت بارے اجازت کا حصول اب بھی ممکن نہیں ہوسکا۔ان کا کہنا تھا کہ بوئنگ کو تو کسی معاہدے پر پہنچنے کیلئے اپنی حکومت کی پابندیوں کا سامنا ہے تاہم یورپی حریف ایئربس نے ایران کے ساتھ 25 ارب ڈالر کے 118 مسافر طیاروں کی فروخت کا معاہدہ کربھی لیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ کمپنی نے امریکی انتظامیہ کو صورتحال بارے آگاہ کردیا ہے۔

متعلقہ عنوان :