پاک سرزمین پارٹی نے 24 اپریل کو کراچی میں ہونے والے جلسے کو کامیاب بنانے کے لئے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کردیا

ہمارے سیاسی نظریات میں اختلافات ضرور ہونے چاہئیں لیکن کسی سے دشمنی نہیں ہونی چاہئے۔ ہمارا مقصد پاکستان کی بہتری کے لئے ہونا چاہئے،رضا ہارون ہماری جماعت 24 اپریل کو کراچی میں بڑا جلسہ عام کرے گی۔ اس جلسے میں شرکت کی دعوت دینے کیلئے ہم خیال سیاسی جماعتوں سے رابطے کررہے ہیں ہم پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ وہ ہمارے پاس چل کر آئے ہیں۔ انہوں نے ہمیں جلسے میں شرکت کی دعوت دی ہے،عمران اسماعیل کی میڈیا سے بات چیت

پیر 11 اپریل 2016 23:44

کراچی (اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء) پاک سرزمین پارٹی نے 24 اپریل کو کراچی میں ہونے والے جلسے کو کامیاب بنانے کے لئے عوامی رابطہ مہم کے ساتھ ساتھ ہم خیال سیاسی جماعتوں سے بھی رابطوں کا آغاز کردیا ہے۔ اس ضمن میں پیر کو پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں رضا ہارون، وسیم آفتاب اور افتخار عالم نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں عمران اسماعیل، علی زیدی اور دیگر سے عمران اسماعیل کے گھر پر ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں ملکی موجودہ سیاسی صورت حال، اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطے، پانامہ لیکس اسکینڈل، کراچی کے معاملات سمیت 24 اپریل کو مزار قائد سے متصل گراؤنڈ میں ہونے والے جلسے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو جلسے میں شرکت کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں جماعتو ں کے درمیان رابطوں کو مزید بڑھایا جائے گا۔

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے رہنما رضا ہارون نے کہا کہ ہماری جماعت 24 اپریل کو کراچی میں بڑا جلسہ عام کرے گی۔ اس جلسے میں شرکت کی دعوت دینے کے لئے ہم خیال سیاسی جماعتوں سے رابطے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے استحکام کے لئے کام کرنے والی تمام جماعتوں سے رابطہ کررہے ہیں۔ ہماری کسی سے دشمنی نہیں ہے۔

اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے۔ کراچی میں ہر جماعت کو سیاست کرنے کا حق ہے۔ تحریک انصاف اور ہمارے خیالات ملتے جلتے ہیں۔ ہمارے سیاسی نظریات میں اختلافات ضرور ہونے چاہئیں لیکن کسی سے دشمنی نہیں ہونی چاہئے۔ ہمارا مقصد پاکستان کی بہتری کے لئے ہونا چاہئے۔ پی ٹی آئی کے رہنماؤں سے ملاقات مثبت رہی ہے۔ ان کے ساتھ سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو پاکستانی یا وطن پرستی کا سرٹیفکیٹ نہیں دے رہے ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ جو لوگ غلط راہ پر چل پڑے ہیں انہیں سیدھے راستہ دکھائیں۔ رضا ہارون نے کہا کہ ہم یہاں پی ٹی آئی رہنماؤں کو 24 اپریل کو ہونے والے جلسے کی دعوت دینے آئے ہیں اور مزید جماعتوں کو بھی جلسے میں شرکت کی دعوت دیں گے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل نے کہا کہ ہم پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

وہ ہمارے پاس چل کر آئے ہیں۔ انہوں نے ہمیں جلسے میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ ان رہنماؤں سے پانامہ لیکس کے حوالے سے پی ٹی آئی کی شروع کی جانے والی تحریک میں معاونت کی درخواست بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 24 اپریل کو پی ٹی آئی کا یوم تاسیس ہے۔ اس حوالے سے تمام قیادت اسلام آباد میں ہوگی جس کے نتیجے میں اس جلسے میں شرکت کرنا ہمارے لئے ناممکن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی کے ساتھ ہمارے رابطے جاری رہیں گے۔ کراچی میں سب کو سیاست کا حق ہے۔ پانامہ لیکس کے معاملے پر تحریک انصاف حکومت کے خلاف بھرپور تحریک چلائے گی اور حکمرانوں کے چہرے عوام کے سامنے بے نقاب کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما علی زیدی نے کہا کہ میں حکومت وقت سے سوال کرتا ہوں کہ ایک غیر ملکی اخبار کی خبر پر ایک نشریاتی ادارے کو بند کردیا گیا تو پانامہ لیکس کے اسکینڈل پر بھی کیوں جوڈیشل کمیشن قائم نہیں کیا جارہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار آنکھیں کھولیں۔

پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں نے ایم کیو ایم کے حوالے سے جو راز فاش کئے ہیں، اس پر کارروائی کیوں نہیں کی جارہی ہے؟ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں دونوں جماعتیں سیاسی عمل کی بہتری کے لئے مل کر کام کریں گی۔