حج پالیسی کی منظوری میں تاخیر ، وزارت مذہبی امور کو شدید مشکلات سے دوچار

پیر 11 اپریل 2016 23:30

اسلام آباد(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء) حکومت کی جانب سے حج پالیسی کی منظوری میں تاخیر نے وزارت مذہبی امور کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے ،سعودی حکام کے ساتھ حجاج کرام کے فلائیٹ شیڈول ، حجاج کیلئے رہائش ٹرانسپورٹ کے انتظامات اور بنک گارنٹی کی فراہمی میں محض12دنوں کا وقت رہ جانے کے باوجود ابھی تک حج پیکیج کا اعلان اور حج درخواستوں کی وصولی شروع نہ ہوسکی ہے ،پرائیویٹ حج سکیم کے تحت حج کوٹہ فراہمی کے معاملات بھی حل نہ کئے جا سکے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کو حج پالیسی بھجوائے جانے کے 10روز گزر جانے کے باوجود ابھی تک پالیسی کو منظور نہیں کیا جاسکا ہے جس کی وجہ سے امسال حج اپریشن تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے وزارت مذہبی امور کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ذرائع کے مطابق فروری کے مہینے میں سعودی حکام کے ساتھ حج معاملات طے کئے جانے کے موقع پر یہ معاہدہ کیا گیا تھا کہ سعودی حکام کو پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزر کی فہرست 7 اپریل، حج فلائیٹ شیڈول کی تفصیلات طے کرنے سعودی حکام کو پاکستانی حجاج کیلئے رہائش گاہوں ،ٹرانسپورٹ سمیت دیگر انتظامات اور عازمین حجاج کی رہائش کے لئے بنک گارنٹی کی فراہمی کیلئے 24 اپریل تک تفصیلات فراہم کئے جائیں گے مگر ابھی تک حکومت حج پالیسی کی منظوری بھی نہ دی سکی ہے ذرائع کے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کی جانب سے حج پالیسی کی منظوری کی سفارشات کے موقع پر سیکرٹری مذہبی امور نے بتایا تھا کہ وزیر اعظم ہاؤس سے حج پالیسی کی منظوری کے بعد بنکوں کی جانب سے حج درخواستوں کی وصولی شروع کی جائے گی جس پر کمیٹی نے اعتراضات کرتے ہوئے کہاتھا کہ حج پر جانے کے خواہشمندوں کو حج درخواستوں کیلئے مناسب وقت دیا جائے جس پر جائنٹ سیکرٹری حج نے بتایا تھا کہ سعودی بنکوں کی جانب سے حج درخواستوں کی وصولی کے لئے 10دن فراہم کئے جائیں گے جس کے بعد بعد انہیں جمع کرنے اور قرعہ اندازی کے لئے وزارت مذہبی امور کو مذید 6سے 8دن درکار ہونگے اور یہ تفصیلات 24اپریل تک سعودی حکام کو تمام تر تفصیلات فراہم کئے جائیں گے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس میں حج پالیسی کو پڑے ہوئے 10روز سے زیادہ ہوگئے ہیں مگر ابھی اس کی منظوری کے کوئی اثار دکھائی نہیں دے رہے ہیں اور موجودہ صورتحال نے وزارت مذہبی امور کو شدید پریشانی سے دوچار کر دیا ہے اور جوں جوں دن گزرتے جا رہے ہیں پریشانیوں میں مذید اضافہ ہوریا ہے ذرائع کے مطابق حج پالیسی میں مذید تاخیر سے حج درخواستوں کی وصولی اور قرعہ اندازی میں شدید مشکلات پیش آسکتی ہیں اور انہیں مشکلات کی وجہ سے سعودی حکام کو پاکستانی حجاج کی رہائش گاہوں ،ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات کے بارے میں تفصیلات فراہم کرنے میں صرف12روز باقی رہ گئے ہیں مگر ابھی تک وزارت حج 2016کے معاملات میں صفر کے مقام پر کھڑی ہے ۔

متعلقہ عنوان :