فاٹامیں ٹی ڈی پیز کی واپسی کے تیسرے مرحلے کا آغاز کردیا گیا

پیر 11 اپریل 2016 23:26

پشاور(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑاکی خصوصی ہدایت پر فاٹامیں ٹی ڈی پیز کی واپسی کے تیسرے مرحلے کا آغاز کردیا گیاہے۔ گورنرخیبرپختونخوا ٹی ڈی پیز کی واپسی کے عمل کی خود نگرانی کررہے ہیں۔ ابتدائی طور پر جنوبی وزیرستان کی تحصیلوں سراروغہ، مکین، سروکئی اورتیارزہ میں 30ہزارمتاثرہ خاندان کی واپسی شروع ہوگئی ہے جبکہ اگلے مرحلے میں کرم، اورکزئی اور شمالی وزیرستان ایجنسی کے 50553 خاندانوں کی واپسی کا عمل 20 اپریل سے شروع کیاجائیگا۔

گورنرنے متعلقہ حکام کوہدایت کی کہ تمام ٹی ڈی پیز کی واپسی پر انہیں ریلیف پیکج سمیت تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔گورنرکی ہدایت پرواپس جانیوالی خواتین کی سہولت کیلئے الگ سے 2 کاونٹرلگائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

واپس جانیوالے متاثرین کو امدادی رقوم کی مدمیں 35 ہزارروپے کا پیکج دیاجارہاہے، جن میں 10 ہزارروپے ٹرانسپورٹ کی مدمیں دیے جارہے ہیں جبکہ 6 مہینے کااضافی فوڈ پیکج بھی دیاجارہاہے۔

گورنرنے کہاکہ قبائلی عوام نے ملکی امن واستحکام کی خاطر اپنے گھربار کی قربانی دی اوراب وقت آگیا ہے کہ ان کو اپنے گھروں میں آباد کیاجائے اور ان کے دکھ درد کا مداواکیاجائے۔ گورنرنے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واپس جانیوالے متاثرین کو تمام تربنیادی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ ملکی امن واستحکام کی خاطر قبائل کی قربانیوں کو رائیگا نہیں جانے دیاجائیگا۔ انہوں نے مزید کہاکہ قبائل نے اپنے اپنے علاقوں کو واپس جاکر بیش بہا قربانیوں کے نتیجے میں قائم ہونیوالے امن کی حفاظت کرنی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پائیدار امن کیلئے قبائلی عوام اور عمائدین کو اپنا کردار ادا کرناہوگا۔

متعلقہ عنوان :