ٹی ڈی پیز کی باعزت واپسی و بحالی سمیت فاٹا کی تعمیروترقی و تعمیرنو جامع منصوبہ بندی کے تحت عمل میں لائی جارہی ہے،اقبال ظفر جھگڑا

پیر 11 اپریل 2016 23:26

پشاور(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے قبائلی علاقہ جات کی تعمیروترقی کیلئے مجموعی طورپر 3.2 ارب روپے کے مختلف اہم ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیتے ہوئے کہاہے کہ قبائل کی تعمیروترقی کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹی ڈی پیز کی باعزت واپسی و بحالی سمیت فاٹا کی تعمیروترقی و تعمیرنو جامع منصوبہ بندی کے تحت عمل میں لائی جارہی ہے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنایاجائے اور منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیاجائے۔وہ پیرکے روز خیبرپختونخوا ہاؤس میں فاٹاڈویلپمنٹ کونسل کے دوسرے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں جائنٹ سیکرٹری سیفران سمیت ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا محمد اسلم کمبوہ، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر سکندرقیوم، سیکرٹری پی اینڈڈی شکیل قادر، سیکرٹری اے آئی اینڈسی فاٹا ظہیرالاسلام، پلاننگ کمیشن آف پاکستان کے متعلقہ حکام اور فاٹا کے تمام محکمہ جات کے سیکرٹریز اور متعلقہ حکام بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر کو فاٹامیں جاری بحالی کے عمل اور ترقیاتی منصوبوں اور تعمیروترقی کے حوالے سے ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں گورنراقبال ظفر جھگڑا نے فاٹامیں 3.2 ارب روپے کی لاگت سے مجموعی طور پر 14 اہم منصوبوں کی منظوری دی ۔ ان منصوبوں میں شمالی وزیرستان ایجنسی میں 294 ملین روپے کی لاگت سے کمرشل مارکیٹ کی تعمیر،جنوبی وزیرستان ایجنسی میں کیڈٹ کالج سراروغہ کیلئے 286 ملین روپے کی اضافی گرانٹ ، خیبرایجنسی کے علاقے باغ تیراہ میدن میں ڈی کیٹگری ہسپتال کی منظوری جبکہ خیبرایجنسی میں مختلف سڑکوں کی تعمیروبحالی کیلئے مجموعی طور پر 240 ملین روپے کی منظوری سمیت دیگر اہم منصوبہ جات شامل ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ قبائل کی قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اور ان کے دکھ درد کاحقیقی معنوں میں مداواکرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر فاٹا کی تعمیروترقی کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قبائلی عوام نے ملکی امن واستحکام کی خاطر اپنے گھربار کی قربانی دی اور اب وقت آگیاہے کہ ان کے دکھوں کا ازالہ کیاجائے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنایاجائے اور منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ منصوبوں کی تکمیل میں شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا۔ گورنرنے کہاکہ فاٹا کی تعمیروترقی، ٹی ڈی پیز کی واپسی وبحالی اور تعمیرنوکو یقینی بنانے کیلئے وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیاجائیگا۔

گورنرنے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فاٹا میں افواج پاکستان اور سیکورٹی اداروں کے مربوط تعاون سے جاری بحالی کے کاموں کو تیز بنیادوں پر مکمل کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ فاٹامیں امن وامان کا قیام ٹی ڈی پیز کی باعزت واپسی وبحالی سمیت اس علاقے کی تعمیرنو اور تعمیروترقی کیلئے جامع منصوبہ بندی کے تحت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں

متعلقہ عنوان :