اپوزیشن رکن کی طرف سے کورم کی نشاندہی کے باعث وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا پری بجٹ بحث نہ سمیٹ سکیں

وقفہ سوالات کے ایجنڈے میں کل 11 سوالات شامل تھے ،صرف 5ہی زیر بحث آسکے جانوروں کو بیمار ہونے پر ہسپتال لانا مشکل اور مہنگا پڑتا ہے ،موبائل ڈسپنسریوں کے علاوہ گھر کی دہلیز پر ویکسی اور علاج معالجے کیلئے کی سہولت کے لئے ویٹرنری عملے میں چار ہزار موٹر سائیکلیں تقسیم کی ہیں‘ وقفہ سوالات وقفہ سوالات اہم ایجنڈا ہے ،اراکین کی طرف سے غیر سنجیدہ سوالات کئے جاتے ہیں ، اس وقت کو کسی کو زچ کرنے کی بجائے سنجیدہ بنانا چاہیے ‘ بلال یاسین جانور بھی ویسی ہی چیز ہیں جو انسان ہیں ،میاں طارق /جانوروں اور انسانوں اور انکی ٹریٹمنٹ میں بھی فرق ہے ‘ صوبائی وزیر یہاں پور اسسٹم وینٹی لیٹر پر ہے ،عوام کا جمہوریت پر سے اعتما داٹھ رہا ہے ،سسٹم کی سانسیں ٹوٹ جائیں حکومت ہوش کے ناخن لے ‘ عارف عباسی/اسپیکر نے الفاظ کارروائی سے حذف کرا دئیے

پیر 11 اپریل 2016 22:12

لاہور( اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن رکن کی طرف سے کورم کی نشاندہی کے باعث وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا پری بجٹ بحث نہ سمیٹ سکیں اور اجلاس آج (منگل ) صبح دس بجے تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا جبکہ صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا ہے کہ وقفہ سوالات اہم ایجنڈا ہے لیکن اس میں اراکین کی طرف سے غیر سنجیدہ سوالات کئے جاتے ہیں ، اس وقت کو کسی کو زچ کرنے کی بجائے سنجیدہ بنانا چاہیے ۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز مقررہ وقت دو بجے کی بجائے ایک گھنٹہ25منٹ کی تاخیر سے ا سپیکر رانا محمد اقبال خان کی صدارت میں شروع ہوا۔ اجلاس میں تین محکموں لائیوسٹاک امورپرورش حیوانات و ڈیری ڈویلپمنٹ ، ٹرانسپورٹ اور ہائیر ایجوکیشن سے متعلقہ سوالوں کے جوابات دیئے گئے۔

(جاری ہے)

وقفہ سوالات کے ایجنڈے میں کل 11سوالات شامل تھے لیکن ان میں سے صرف 5ہی زیر بحث آسکے۔

صوبائی وزیر بلال یاسین نے حکومتی رکن ڈاکٹر امجد علی جاوید کے سوال کے جواب میں ایوان کو بتایا کہ جانوروں کو ہسپتالوں میں داخل کرنے کی کوئی سہولت موجود نہیں ۔ جانوروں کو بیمار ہونے پر ہسپتال لانا ویسے بھی مشکل اور مہنگا پڑتا ہے اس لئے پنجاب حکومت نے موبائل ڈسپنسریوں کے علاوہ گھر کی دہلیز پر جانوروں کی ویکسی نیشن اور بیمار ہونے کی صورت میں علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کیلئے ویٹرنر ی عملے کو موٹر سائیکلیں فراہم کی ہیں۔

ویٹرنر ی عملے میں پانچ ہزار میں سے چار ہزار موٹر سائیکلیں تقسیم کی جا چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سارے نظام کو پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے کمپیوٹر ائزڈ کیا گیا ہے اور اسکے لئے ٹال فری نمبر کااجراء بھی کیا گیا ہے ۔حکومتی رکن میاں طارق نے کہا کہ جانور بھی ویسی ہی چیز ہیں جو انسان ہیں جس پر ایوان میں بھرپور قہقہ بلند ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم جانوروں سے دودھ اور دوسری سہولیات لیتے ہیں اور وہ ہماری خدمت کرتے ہیں ۔ صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ جانوروں اور انسانوں میں فرق ہے اور انکی ٹریٹمنٹ میں بھی فرق ہے ۔ انسان اشرف المخلوقات ہیں انسان کی جان بچانے کیلئے پیسے کی طرف نہیں دیکھا جاتا جبکہ جانور کے علاج پر اس کی قیمت سے زیادہ خرچ نہیں کیا جاتا ۔ امجد علی جاوید کی طرف سے سوال کے جواب سے مطمئن نہ ہونے اور جواب کو بار بار غلط کہنے پر صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ میں گزشتہ اسمبلی کا بھی حصہ رہا ہوں ۔

قومی اسمبلی کا رکن بھی رہا ہوں ، قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات میں سنجیدگی ہوتی ہے یہاں ہم نے اس وقت کو غیر سنجیدہ کر دیا ہے ۔ یہاں اراکین کی طرف سے غیر سنجیدہ سوالات کئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہاؤس کے کسٹوڈین ہیں آپ نوٹس لیا کریں جس پر اسپیکر نے کہا کہ میں نے بڑے نوٹس لئے ہیں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہر چیز کو غلط اور اس پر تنقید کی جاتی ہے ،یہ کسی کو زچ کرنے کے لئے نہیں ہونا چاہیے۔

اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری طارق مسیح گل کی طرف سے گورنمنٹ کنیرڈ گرلز سکول کی پرنسپل کے خلاف تحریک استحقاق پیش کی گئی جسے اسپیکر نے استحقاق کمیٹی کے سپرد کرکے دو ماہ میں رپورٹ طلب کر لی ۔ اجلاس میں حکومتی رکن میاں طارق محمود نے ایک تحریک التوائے کار کا غلط جواب آنے پر سخت احتجاج کیا اور اس پر تحریک استحقاق لانے کا اعلان کیا جس پر اسپیکر نے اسے بھی متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کرکے دو ماہ میں رپورٹ طلب کرلی۔

صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے خدیجہ عمر کے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے ایوان کو بتایا کہ اسلامپورہ میں تکہ شاپ کے تین ملازمین کے قتل میں ان کا ایک ساتھی جاوید ملوث تھا جسکی ایک زخمی ہونے والے ملازم نے بھی تصدیق کی ہے اور اسکی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں جس پر اسپیکر نے اسے نمٹا دیا ۔جعفر علی ہوچہ کے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب آنے پر اسے بھی نمٹا دیاگیا جبکہ اپوزیشن لیڈر محمود الرشید کے توجہ دلاؤ نوٹس کو موخر کر دیا گیا ۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پری بجٹ بحث میں حصہ لیتے ہوئے عارف عباسی نے کہا کہ بجٹ سے پہلے تجاویز لینے کیلئے پری بجٹ بحث کی جو روایت ڈالی گئی ہے یہ قابل تعریف ہے لیکن اس کا جو مقصد ہے وہ پورا ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے میں کرپشن انتہا پر ہے ، سرکاری اداروں ں میں ملازمین کام نہ کرنے کی تنخواہ لیتے ہیں اور کام کرنے کیلئے رشو ت لیتے ہیں ۔

سندھ کی طرح پنجاب میں بھی کرپشن کے خلاف آپریشن ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پور اسسٹم وینٹی لیٹر پر ہے اور جمہوریت پر سے عوام کا اعتما داٹھ رہا ہے ۔اسپیکر نے یہ الفاظ کارروائی سے حذف کرا دئیے ۔ عارف عباسی نے اپنی تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے کہ سسٹم کی سانسیں ٹوٹ جائیں حکومت ہوش کے ناخن لے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں ں نے جمہوریت کے ساتھ ظلم کیا ہے ۔

رائے ونڈ میں 36کروڑ سے دیواریں بنائی گئی ہیں لیکن یہ دیواریں بھی انہیں نہیں بچا سکیں گی ،حکمران عوام کے غضب سے بچیں ۔اسپیکر نے دوبارہ الفاظ کارروائی سے حذف کرا دئیے ۔ حکومتی رکن اسمبلی توفیق بٹ نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کی فلاح کے لئے بڑے کام کر رہی ہے ۔ بیشک ایک دو سڑکیں نہ بنائیں لیکن ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کو ہر صورت ممکن بنایا جائے ۔

حکومتی رکن چوہدری طارق عثمانی نے کہا کہ صاف پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے ہر دوسر ا شخص ہیپاٹائٹس کا شکار ہے ۔ وزیر آباد کارڈیالوجی کو مکمل آپریشن کیا جائے ۔خرم اعجاز چٹھہ نے کہا کہ زراعت میں ریسرچ پر توجہ دی جائے ۔ حکومتی رکن اسمبلی محمد اکرم نے کہا کہ سیالکوٹ رنگ روڈ مکمل کی جائے ،پنجاب یونورسٹی کیمپس کی تعمیر ،ٹیکنالوجی یونورسٹی کو مکمل اور ماڈل مال منڈی تعمیر کرائی جائے اور ڈسڑکٹ جیل کی عمارت کی توسیع کی جائے۔اس سے قبل کی وزیر خزانہ پری بجٹ بحث کو سمیٹتیں اپوزیشن رکن عارف عباسی نے کورم کی نشاندہی کر دی جس پر اجلاس آج منگل صبح د س بجے تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا ۔