Live Updates

تحریک انصاف نے موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر انٹرا پارٹی الیکشن ملتوی کردیا

پارٹی کی پوری توجہ پاناما لیکس کے معاملے پرچاہتا ہوں عمران خان پاناما لیکس کے معاملے پر موثر اپوزیشن کیلئے مذہبی و سیاستی جماعتوں کو بھی ساتھ ملایا جائے اجلاس میں رہنماؤں کا مشورہ پاناما لیکس کے بعد قوم کا قبلہ درست کرنے کا سنہری موقع ہے آپس کے اختلافات سے گریز کریں عمران خان کی ہدایت جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان کا انٹرا پارٹی الیکشن سے دستبرداری کا اعلان

پیر 11 اپریل 2016 20:35

اسلام آباد(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء) تحریک انصاف نے موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر انٹرا پارٹی الیکشن ملتوی کردیا۔پیر کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاناما لیکس کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال کے پیش نظر انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کرائے جاسکتے  عمران خان نے کہا کہ پارٹی کی پوری توجہ پاناما لیکس کے معاملے پرچاہتا ہوں۔

اجلاس کے دوران مرکزی قیادت کو مشورہ دیا گیا کہ پاناما لیکس کے معاملے پر موثر اپوزیشن کے لئے مذہبی و سیاستی جماعتوں کو بھی ساتھ ملایا جائے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے رہنماوٴں کو ہدایت کی کہ وہ آپس کے اختلافات سے گریز کریں کیوں کہ پاناما لیکس کے بعد قوم کا قبلہ درست کرنے کا سنہری موقع ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت میں دھڑے بندی شدت اختیار کرجانے کے بعد جہانگیر ترین اور علیم خان نے انٹرا پارٹی الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کیا۔

پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ پارٹی میں کچھ دھڑے بندی ہوگئی ہے اسی لئے دھڑے بندی کے خاتمے کے لئے انہوں نے انٹرا پارٹی الیکشن سے لاتعلقی کا قدم اٹھایا جب کہ اپنے فیصلے سے چیئرمین عمران خان کو آگاہ کردیا ہے اور یہ فیصلہ پارٹی کے وسیع تر مفاد میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی تقسیم ہوتے نہیں دیکھ سکتا،ایک کارکن کی طرح پارٹی کی خدمت اور اتحاد کے لئے کوشاں رہوں گا  ضروری ہے کہ تحریک انصاف میں دراڑیں روکی جائیں، پارٹی میں کبھی کوئی عہدہ مانگا اور نہ مانگوں گا، کشتیاں جلا کر عمران خان کے قافلے میں شامل ہوا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنماء عبدالعلیم خان نے انٹرا پارٹی الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے عمران خان کے نظریے کو پسند کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی، وہ پارٹی کے کسی عہدے کے طلب گار نہیں، ان کا مقصد صرف اور صرف ملک کو مسلم لیگ (ن) کی کرپشن سے آزاد کرانا ہے وہ پارٹی میں کسی قسم کا انتشار نہیں چاہتے اور اپنی جماعت کو متحد رکھنے کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات