حکومت توانائی بحران ختم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے‘ذکر اللہ مجاہد

ملک کے مسائل کا واحد حل دیانتدار اور باصلاحیت قیادت ہے‘ امیرجماعت اسلامی لاہور

پیر 11 اپریل 2016 20:30

لاہور( اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہورذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکومت ملک سے توانائی بحران ختم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گھریلواور کاروباری صارفین بری طرح متاثر ہو رہے ہیں،کارخانے اور فیکٹریاں بند ہونے کی وجہ سے بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت بے پناہ مشکلات میں گھرا ہوا ہے۔

مہنگائی ، بے روزگاری ، دہشت گردی ، قتل وغارت اور خودکشیاں عام ہیں۔ لوگ فاقوں سے مر رہے ہیں جبکہ ہمارے حکمرانوں کو کرپشن سے فرصت نہیں ہے اور وہ اپنی عیش وعشرت کی زندگی کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک اسلامی مملکت کے حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی بنیادی ضروریات کو پورا کرے اگر نہیں کر سکتی تو اُسے حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں۔

(جاری ہے)

ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی تحریک اسلامی پاکستان ، خوشحال پاکستان ،پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے سنگ میل ثابت ہو گی ۔ ملک کے مسائل کا واحد حل با صلاحیت اور د یانتدار قیادت ہے۔ اس کے بغیر ملک کے حالات نہیں بدل سکتے ۔جماعت اسلامی ہی ملکی نظام کو درست کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے کیونکہ جماعت اسلامی کے پاس ملکی نظام کو چلانے کے لیے تمام شعبہ جات کے ماہرین کے ٹیم موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :