پانامہ لیکس کے بعد وزیراعظم کواستعفیٰ دینا چاہئے، مشتاق غنی

ملاکنڈڈویژن میں کسٹم ایکٹ کے نفا ذ کافیصلہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں ہوا تھا ،وزیراعلی نے ٹیکس نفاذ کوواپس لینے کیلئے سمری پر دستخط کردیئے ہیں،ترجمان خیبرپختونخوا

پیر 11 اپریل 2016 20:15

پشاور(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء) خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان اوروزیراعلی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات مشتاق احمدغنی نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے بعد وزیراعظم نوازشریف کواستعفیٰ دینا چاہیئے ،ملاکنڈڈویژن میں کسٹم ایکٹ کے نفا ذ کافیصلہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں ہوا تھا اوروفاق نے اسکی منظوری دیدی۔وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویزخٹک نے ٹیکس کے نفاذ کوواپس لینے کیلئے سمری پر دستخط کردیئے ہیں ۔

پشاورپریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشتاق غنی کاکہنا تھا کہ پانامہ پیپرکے حقائق سامنے آنے کے بعد چوروں کونہیں چھوڑیں گے، انہوں نے کہا وفاقی وزراء فوری نوازشریف کو اپنے استعفے دے دیں کیونکہ اب پتہ چل گیا کہ انکے لیڈر کرپٹ ہیں۔ مالاکنڈ میں کسٹم ایکٹ کے نفاذ پرمشتاق غنی کا کہنا تھا کہ ٹیکس لگانے کافیصلہ ایپکس کمیٹی کے ایک اجلاس کیا گیاتھا جس کا مقصد ڈویڑن بھر میں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کو ریگولرائز کرنا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کے فیڈرل ٹیکس صوبائی حکومت نہیں لگا سکتی۔ مشتاق غنی نے مالاکنڈ میں ٹیکس لگانے کے فیصلے کوواپس لینے کامطالبہ کرتے ہو ئے بتایا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا نے ٹیکس واپس لینے کی سمری پردستخط کردیے ہیں۔مشتاق غنی نے مزید کہا کہ 24اپریل کواسلام آباد میں پارٹی کی یوم تاسیس کے موقع پر آئندہ کالائحہ طے کریں گے،اب پیچھے ہٹنے والے نہیں ،چوروں کامحاسبہ کریں گے ۔