Live Updates

عبدالعلیم خان کا پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات سے علیحدگی کا اعلان

سیاست نہیں ،ریاست بچانے کا وقت ہے،وزیراعظم مستعفی نہ ہوئے تو بحران میں اضافہ ہوگا ‘عبدالعلیم خان

پیر 11 اپریل 2016 20:15

لاہور ( اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عمران خان کے نظریے کو پسند کرتے ہوئے پارٹی میں شامل ہوئے اورہمیشہ پارٹی کی مضبوطی اور بہتری کیلئے کام کیا وہ کسی عہدے کے طلب گار نہیں اور عمران خان کے سنگ اُن کے ملک گیر تبدیلی کے نعرے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کام کرتے رہیں گے عبدالعلیم خان نے انٹر اپارٹی الیکشن ملتوی ہونے کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج ہماری تمام تر توجہ نواز لیگ پر مرکوز ہونی چاہیے ایک مرتبہ پھر پاکستان فیصلہ کن موڑ سے گزر رہا ہے اور وقت آ گیا ہے کہ وطن عزیز کو کرپشن ،اقربا پروری ،غربت اور دیگر برائیوں سے پاک کرنے کیلئے صحیح معنوں میں صاف اور شفاف قیادت کو سامنے لایا جائے عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ پارٹی میں کسی قسم کا انتشار نہیں چاہتے اور ہمیشہ کی طرح پی ٹی آئی کو متحد رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیاست نہیں ریاست بچانے کا وقت ہے اگر نواز شریف مستعفی نہ ہوئے تو بحران میں مزید اضافہ ہو گا انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس نے حکمرانوں کو آئینہ دکھا دیا ہے یہ قانونی سے زیادہ اخلاقی معاملہ ہے جس کا پاس کرتے ہوئے آئس لینڈ اور یوکرائن کے سربراہان مملکت مستعفی ہوئے ہیں لیکن ہمارے ہاں ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حیلوں بہانوں سے کام لیا جا رہا ہے ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ اگر شریف خاندان کی کرپشن کو چھپانے کی کوشش کی گئی تو ہم ہر حد تک جائیں گے اور محب وطن قوتیں ہمارا ساتھ دیں گی ،انہوں نے کہا کہ ہر جمہوری معاشرے میں حکمران عوام کو جواب دہ ہوتے ہیں جبکہ نواز شریف اپنے خلاف الزامات پر خود ہی مٹی ڈالنا چاہتے ہیں عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان کا چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ انتہائی مناسب اور ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے جس پر جلد از جلد عمل درآمد ہونا چاہیے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات