پمز میں زیر علاج معذور لڑکیسے میل نرس کی زیادتی‘ وزارت کیڈ نے نوٹس لے لیا

پمز انتظامیہ نے تحقیقات کیلئے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی، واقعہ کا مقدمہ تھانہ کراچی کمپنی میں درج کرادیا گیا متاثرہ لڑکی کے والد کی درخواست پر میل نرس برطرف،آئندہ میل سٹاف رات کو فی میل وارڈ میں داخل نہیں ہوگا،پروفیسر جاوید اکرم

پیر 11 اپریل 2016 19:22

اسلام آباد (اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء) وفاقی دارالحکومت کے سب سے بڑے ہسپتال پمز میں انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں زیر علاج 22 سالہ معذور لڑکی کو میل نرس نے جسمانی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا‘ وزارت کیڈ نے واقعہ کا نوٹس لے لیا‘ جبکہ پمز انتظامیہ نے تحقیقات کیلئے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی اور واقعہ کا مقدمہ تھانہ کراچی کمپنی میں درج کرلیا گیا ہے ۔

پیر کو شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پمز ہسپتال میں ایک معذور لڑکی جس کی عمر بائیس سال تھی میل نرس کرشن کمار نے اپنی ہوس مٹانے کیلئے تشدد کا نشانہ بنایا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے کیونکہ ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف انسانیت کی خدمت اور علاج معالجے جیسے اہم ذمہ داری کو سرانجام دیتے ہیں لیکن گزشتہ رات دو سے تین بجے کو ایک میل نرس نے معذور لڑکی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنانے کی کوشش کی جس کے بعد بچی کے والد نے باقاعدہ درخواست انتظامیہ کو دے دی اور انتظامیہ نے فوراً ہی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تین رکنی کمیٹی پروفیسر عابد فاروقی کی سربراہی میں تشکیل دے دی جو واقعہ کی مکمل چھان بین کرینگے اور ملزم میل نرس کرشن کمار کیخلاف تھانہ کراچی کمپنی میں مقدمہ بھی درج کردیا گیا ہے اور پولیس سے درخواست کی گئی ہے کہ ملزم کو جلد از جلد پکڑ کر قانون کے مطابق سزا دی جائے جبکہ متاثرہ لڑکی کے والد کی درخواست پر فوراً میل نرس کو برطرف کردیا گیا ہے اس کے علاوہ پمز میں یہ آرڈر بھی جاری کردیا گیا ہے کہ کوئی میل نرس یا میل ڈاکٹر رات کے اوقات میں فی میل وارڈ میں داخل نہیں ہوسکے گا اور نہ ہی ان کی ڈیوٹی رات کے وقت لگائی جائے گی وزارت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ واقعہ نہایت سنجیدہ ہے۔

(جاری ہے)

واقعہ کی تحقیقات کیلئے سینئر پروفیسر ڈاکٹر عابد فاروقی کی سربراہی میں تین رکنی انکوائری ٹیم تشکیل دے دی ہے جو آج رپورٹ پیش کرے گی اور ملزم کرشن کمار کے خلاف تھانہ مارگلہ میں مقدمہ کر درج کر لیا گیا ہے۔ جس کو جلد گرفتار کر کے قانونی کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :