کوہاٹ استرزئی اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران اشتہاری مجرمان ،سہولت کاراور افغان باشندوں سمیت26مشتبہ افراد کو گرفتار

پیر 11 اپریل 2016 19:09

پشاور(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء) کوہاٹ استرزئی اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران اشتہاری مجرمان ،سہولت کاراور افغان باشندوں سمیت26مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ آپریشن میں پولیس کو اسلحہ و منشیات اور مشکوک موٹر سائیکلیں بھی ملے ہیں۔ کاروائی میں کالے شیشوں والی درجنوں گاڑیاں بھی تحویل میں لی گئیں۔پولیس ذرائع کے مطابق حساس اداروں کی اطلاعات پر کاروائی کرتے ہوئے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر عبدالرشید خان کی قیادت میں تھانہ استرزئی کے ایس ایچ او انسپکٹر ناظر حسین نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ سوموار کی علی الصبح مختلف مقامات پر اچانک چھاپے مارے اور علاقے کا محاصرہ کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی آپریشن شروع کیااورچھاپہ مار کاروائیوں کے اس سلسلے میں پولیس نے قتل کے مقدمہ میں مطلوب دو اشتہاری باپ بیٹے محمد شیرین اور مجاہد شیرین ساکنان چکر کوٹ بالا کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

کاروائی میں پولیس نے گاؤں استرزئی پایاں سے اشتہاریوں کو پناہ دینے والے ایک سہولت کار خرم شہزاد کو بھی حراست میں لے لیا جبکہ سفری وشناختی دستاویزات کے بغیر علاقے میں مقیم دو افغان باشندوں کو گرفتار کرکے انکے خلاف ایمیگریشن قوانین کے تحت مقدمات درج کرلئے گئے۔سرچ آپریشن کی اس کاروائی میں پولیس نے مجموعی طور پر ایک رائفل،دو پستول،مختلف بور کے درجنوں کارتوس ،180گرام چرس اور دو مشکوک موٹر سائیکلیں برآمد کرلی ہیں۔

آپریشن کے دوران کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی میں مختلف قسم کی 23چھوٹی بڑی گاڑیاں تحویل میں لیکر ان سے کالے شیشے اتار لئے گئے۔سرچ آپریشن کی اس کاروائی میں ڈی ایس پی سٹی سونا خان،ایس ایچ تھانہ چھاؤنی عمر حیات،ایس ایچ او تھانہ کے ڈی اے فیاض خان،اے ایس آئی وقار خان اور اے ایس آئی عظمت خان پر مشتمل پولیس اور ایلیٹ فورس کی مختلف چھاپہ مار ٹیموں کے علاوہ بم ڈسپوذل سکواڈ،خواتین پولیس،حساس ادارے کے اہلکاروں اور کھوجی کتوں کی ٹیم نے حصہ لیاجبکہ بھاری مشین گنوں سے لیس بکتر بند گاڑیاں بھی آپریشنل ٹیموں کی مدد کیلئے علاقے میں گشت کرتے رہے۔

متعلقہ عنوان :