آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 16منفر د ریکارڈ قائم ہوئے

پیر 11 اپریل 2016 17:55

کولکتہ (اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء) انٹر نیشنل کر کٹ کونسل (آئی سی سی ) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2016 ختم ہوگیاجس میں ویسٹ انڈیز سب کو پیچھے چھوڑ کر دوسری بار ورلڈ چیمپیئن بن گیا۔ماضی کی طرح اس بار بھی ورلڈٹی20 میں کئی نئے ریکارڈز بنے اور بعض انوکھے مناظر دیکھنے کو بھی ملے۔ آئی سی سی نے ایسے ہی چند دلچسپ لمحات جاری کیے ہیں۔جس میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے میچ میں سب سے زیادہ 459 رنز سکور کیے گئے، دوسرا بڑا سکور بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ میں رہا جس میں صرف پانچ وکٹوں کے نقصان پر 388 رنز بنے۔

دوسرا ریکارڈ بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے خلاف آسٹریلیا کے میچوں میں 14 مختلف گیند بازوں کا استعمال کیا گیا۔ میگا ایونٹ میں ٹورنامنٹ میں کسی بھی دو کھلاڑیوں کے درمیان 100 رنز کی پارٹنرشپ نہیں ہو پائی۔

(جاری ہے)

سب سے زیادہ 98 رنز کی شراکت افغانستان کے کھلاڑی سمیع اللہ شنواری اور محمد نبی کے درمیان زمبابوے کے خلاف ہوئی۔ جنوبی افریقہ کے خلاف افغانستان کے شہزاد محمدی کی 44 رنز کی اننگز میں 42 رنز محض باوٴنڈریوں سے حاصل کیے گئے تھے جس میں تین چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔

موہالی میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستانی بلے باز عمر اکمل نے 24 رنز سکور کیے اور وہ اس اننگز میں کوئی بھی باوٴنڈری نہیں لگا پائے۔ پورے ٹورنامنٹ میں افغانستان کے حمزہ ہوتک سب سے کفایتی گیند باز رہے جنھوں نے اپنے پورے چار اوور کروا کر صرف نو رن دیے۔ وہ بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف۔ پورے مقابلے میں 11ویں نمبر کے بلے بازوں نے صرف 16 رن سکور کیے۔

اس میں بھی آٹھ رن تو زمباوے کے کھلاڑی ٹینڈائی چاترا نے افغانستان کے خلاف میچ میں بنائے جو ناگپور میں کھیلا گیا تھا۔ مچل مک کلینیگن، بین سٹوکس اور راشد خان ایسے کھلاڑی رہے جنھوں نے اننگز کی ایک ہی بال کھیلی اور چھ رن سکور کیے، یعنی انھیں ایک بال کھیلنے کو ملی جس پر انھوں نے چھکا لگایا۔ اس میں بھی سب سے لمبا چھکا مچل مک کلینیگن کا تھا جو مستفیض الرحمن کی ہیٹ ٹرک بال پر لگا۔

پاکستانی کھلاڑی خالد لطیف نے موہالی میں آسٹریلیا کے خلاف 46 رنز بنانے سیقبل ٹی 20 کی اپنی پہلی آٹھ اننگز میں صرف 37 رنز سکور کیے تھے۔ بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں دس بلے باز بولڈ ہوئے جو اس سے پہلے کسی بھی ٹی 20 میچ میں نہیں ہوا تھا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں معین علی دو گیندوں پر سات رن بنا کر کے آوٴٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز اور انڈیا کے درمیان ہونے والے میچ میں انڈیا نے دو وکٹوں پر 192 رن بنائے تھے، اور اس میں یکے بعد دیگرے تین نصف سنچریوں کی شراکت داریاں قائم ہوئیں۔

انڈیا کے خلاف میچ میں ویسٹ انڈیز نے 19 مختلف اووروں میں باوٴنڈریاں لگا کر کسی بھی ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔ میچ جیتنے کے لیے آخری اوور میں اس سے پہلے 23 رن بنانے کا ریکارڈ آ سٹریلیا کا تھا جب 2010 میں اس نے پاکستان کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ ویسٹ انڈیز کے بریتھویٹ نے فائنل میں چار لگاتار چھکے لگا کر یہ ریکارڈ توڑ دیا۔ سری لنکا کے بولر جیفری وینڈرسے نے اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ ڈاٹ بالز کیں۔ انھوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف بنگلور میں کھیلے جانے والے میچ میں 19 گیندیں ایسی ڈالیں جس پر کو ئی رن نہیں بنے۔

متعلقہ عنوان :