ماضی میں وکٹ کیپرز صرف وکٹوں کی چوکیداری کرتے تھے، جم پارکس

پیر 11 اپریل 2016 12:14

ماضی میں وکٹ کیپرز صرف وکٹوں کی چوکیداری کرتے تھے، جم پارکس

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 اپریل۔2016ء) انگلینڈ کے سابق وکٹ کیپر جم پارکس کا کہنا ہے کہ ماضی میں وکٹ کیپرز صرف وکٹوں کی چوکیداری کرتے تھے، ان کے سر پر سنچریاں بنانے کا بھوت سوار نہیں ہوتا تھا، نچلے نمبر پر بیٹنگ کی وجہ سے شاذو نادر ہی اچھا اسکور بنا پاتے تھے، ان کی پوری توجہ صرف وکٹ کیپنگ پر ہی مرکوز ہوا کرتی تھی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔

(جاری ہے)

50کی دہائی میں انگلینڈ کی جانب سے پاکستان کیخلاف ڈیبیو کرنے والے وکٹ کیپر نے کہا کہ اس دور میں ان کوورڈ پچز پر کیپنگ کرنا نہایت مشکل کام ہوتا، خاص کر جب آپ میڈیم پیسر کے سامنے کھڑے ہوں جب کہ بیٹسمین کو واپس ان کی کریز میں رکھنے کے لیے بھی محنت کرنا پڑتی تھی، میں نے جتنے بھی کیپر دیکھے ان میں گوڈفرے ایوانز بہترین تھے، وہ ایک گیلی وکٹ پر ایلس بیڈسر جیسے بولر کے سامنے بھی کھڑے ہوسکتے تھے، ہر کوئی انھیں مضبوط اور مستحکم کہا کرتا، سابق انگلش وکٹ کیپر نے کہا کہ وہ اپنے کیریئر کی شروعات میں وکٹ کیپر نہیں تھے بلکہ وہ تو ایک اسپیشلسٹ بیٹسمین تھے۔