رمضان سے قبل فی گھنٹہ 30ہزارافرادطواف کرسکیں گے،عارضی مطاف کو ہٹانے کاسات فیصد کام مکمل کرلیاگیا، تکنیکی کمیٹی کے میڈیا ترجمان ڈاکٹر وائل کی پریس کانفرنس

اتوار 10 اپریل 2016 23:19

رمضان سے قبل فی گھنٹہ 30ہزارافرادطواف کرسکیں گے،عارضی مطاف کو ہٹانے ..

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10اپریل۔2016ء) مسجد حرام (حرم شریف) میں عارضی مطاف کو ہٹانے کا 7 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ منصوبے کے کانٹریکٹر اور مذکورہ پْل (مطاف) تیار کرنے والی کمپنی کے مطابق 20 شعبان تک اس کام کو مکمل کرلیا جائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق مطاف کی گنجائش میں اضافے کے منصوبے سے متعلق تکنیکی کمیٹی کے میڈیا ترجمان ڈاکٹر وائل حلبی کا کہنا تھا کہ کمیٹی کے پاس 150 انجینئر ہیں جن میں 94 فیصدسعودی اور اعلی ترین پیشہ ورانہ قابلیت کے حامل ہیں۔

مسجد حرام میں کمیٹی کے صدر دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں الحلبی نے بتایا کہ اس وقت 80 انجینئر 4 شفٹوں میں اپنی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں تاکہ توسیع کے عمل کے دوران حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

یہ پورا عمل 8 مرحلوں پر مشتمل ہے جب کہ ہر مرحلہ 8 روز میں مکمل کیا جائے گا۔ڈاکٹر حلبی کے مطابق عارضی مطاف کو ہٹانے کے لیے 4 کرینیں مختص کی گئی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ مطاف کو ہٹانے کی منصوبہ بندی اس کمیٹی کی جانب سے کی گئی ہے جو سعودی ولی عہد، وزیر داخلہ اور حج سپریم کمیٹی کے سربراہ شہزادہ محمد بن نایف کی ہدایات پر تشکیل دی گئی تھی۔ڈاکٹر حلبی نے بتایا کہ عارضی مطاف کے ہٹا دیے جانے کے بعد مطاف کے صحن میں ایک گھنٹے کے اندر تقریبا 30 ہزار افراد طواف کرسکیں گے۔ ان کے مطابق تمام تر کارروائیوں کی منصوبہ بندی پر نظرثانی کے لیے 20 روز تک کثیر ملاقاتوں اور اجلاسوں کا سلسلہ جاری رہا۔ تمام منصوبوں کو مشاورتی کمیٹی کے سامنے پیش کیا گیا تاکہ طواف کرنے والوں اور کام کرنے والوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔