وزیراعلیٰ اور ”امانت سکیم“ میں انعامات جیتنے والے خوش نصیبوں کے درمیان فو ن پر دلچسپ گفتگو

اتوار 10 اپریل 2016 16:34

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور ”امانت سکیم“ کی پہلی قرعہ اندازی میں انعامات جیتنے والے خوش نصیبوں کے درمیان فو ن پر انتہائی دلچسپ انداز میں گفتگو ہوئی اورانہیں شہبازشریف کی آواز سن کر خوشگوار حیرت ہوئی۔قرعہ اندازی میں انعامات جیتنے والے افراد کے موبائل نمبر زسکرین پر نمودارہوئے تو وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں ان خوش نصیبوں سے بات بھی کرنا چاہتا ہوں جس پر وزیراعلیٰ کی خوش نصیبوں سے فون پر بات کرائی گئی،عمرے کا ٹکٹ جیتنے والے ڈاکٹر آصف علی کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے سکیم کے بارے میں پوچھا جس پر انہوں نے کہا کہ یہ بہت شاندار سکیم ہے اوراس سے بہت فائد ہ ہوگا۔

عمرے کا ٹکٹ جیتنے والے دوسرے خوش نصیب سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے پوچھا کہ کون صاحب بات کررہے ہیں جس پر انہوں نے کہا کہ آپ نے کس سے بات کرنی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں آپ کا خادم شہبازشریف بات کررہاہوں۔دوسری طرف سے آواز آئی جی فرمائیے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ کی ہنڈا70 موٹر سائیکل سکیم میں نکلی ہے کیا آپ خوش ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مجھے کچھ زیادہ خوشی نہیں ہوئی جس پر وزیراعلیٰ سمیت تمام شرکاء ہنس دےئے اور وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ اگلی بار آپ کی کار نکل آئے۔

قرعہ اندازی میں ہنڈا سٹی کار جیتنے والے خوش نصیب سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں آپ کا خادم شہباز شریف بات کررہا ہوں آپ کی گاڑی انعام میں نکلی ہے کیا آپ کو یقین آگیا ہے جس پر انہوں نے کہا کہ مجھے یقین نہیں آرہالیکن دوسری دفعہ پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکرہے کہ میری گاڑی نکلی ہے اور مجھے یقین آگیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے اس خوش نصیب کو مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ لوگوں کا انعامات جیتنے پر اس قسم کا ردعمل اس سکیم کی شفافیت کی عکاسی کرتا ہے۔