”امانت سکیم “میں ایک کی بجائے تین گاڑیاں

شہبازشریف کا خوشگوار موڈ،برجستہ جملوں پر شرکاء محظوظ ہوتے رہے

اتوار 10 اپریل 2016 16:34

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ریسٹورنٹ انوائس مانیٹرنگ سسٹم کے تحت ”امانت سکیم“ کی پہلی قرعہ اندازی کی تقریب کے دوران انتہائی خوشگوار مو ڈ میں دکھائی دےئے۔وزیراعلیٰ کے برجستہ جملوں سے شرکاء تقریب بہت محظوظ ہوئے۔وزیراعلیٰ نے ایک موقع پر کہا کہ قرعہ اندازی آپ سب کے سامنے ہورہی ہے اورآپ ہی اس قرعہ اندازی کی شفافیت کے گواہ ہیں اورآپ یہ مت سمجھیں کہ گاڑیاں اورانعامات واپس لیکرجانے ہیں، یہ تمام انعامات آپ کیلئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے ایوان میں بیٹھے مختلف لوگوں سے قرعہ اندازی کیلئے الفاظ اور ہندسے پوچھے جنہیں کمپیوٹرمیں فیڈ کیاگیا اورقرعہ اندازی کاعمل آگے بڑھایاگیا ۔ایک خاتون نے جب صفر کا ہندسہ بولا تووزیراعلیٰ نے ازراہ تفنن کہا کہ خواتین تو ہر میدان میں نمبر لیتی ہیں وہ صفر نہیں ہوتیں، جس پر تقریب کے تمام شرکاء مسکرا دئیے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اب میری ہر تقریر میں اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کا ذکر ہوگا کیونکہ یہ عام آدمی کی سواری ہے ،جس کی اشرافیہ کو تکلیف ہے۔

وزیراعلیٰ نے میٹروٹرین کی مخالفت پر ایک بار پھر اشرافیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر چہ امانت سکیم کی ہر ماہ ایک قرعہ اندازی ہوگی تاہم میری کوشش ہے کہ ہر ماہ میں دو بار اس کی قرعہ اندازی ہو،تاکہ یہ کلچر پروان چڑھے۔تقریب کے دوران بتایا گیا کہ پہلے ہر ماہ ایک گاڑی خوش نصیب کو ملنی تھی تاہم وزیراعلیٰ کی ہدایت پر” امانت سکیم“ میں تین گاڑیاں شامل کی گئیں۔