کراچی میں سڑک کنارے لگے درخت کاٹنے پر بلڈر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا

روڈ پر واقع پروجیکٹ کی خوبصورتی درختوں میں چھپنے کے باعث درخت کاٹے گئے تھے

اتوار 10 اپریل 2016 14:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اپریل۔2016ء) کراچی میں سڑک کنارے لگے درخت کاٹنے پر بلڈر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔اطلاعات کے مطابق شہید ملت روڈ کے گرین بیلٹ پرلگے 70 گھنے درختوں کو کاٹنے کا مقدمہ بلڈر کے خلاف درج کیا گیا۔روڈ پر واقع پروجیکٹ کی خوبصورتی درختوں میں چھپنے کے باعث درخت کاٹے گئے تھے۔کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ نے گرین بیلٹ پر 70 درخت کاٹے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کراچی شرقی کو واقعہ کی تحقیقات کے احکامات دیئے۔

(جاری ہے)

تحقیقات میں ثابت ہوا کہ بلڈر نے اپنے عملے کی مدد سے رہائشی پروجیکٹ کی خوبصورتی واضح کرنے کیلئے گرین بیلٹ پر لگے 70 درخت کاٹ دیئے تھے۔ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی کی تصدیق کے بعد کمشنر کراچی کے حکم پر بلڈر اور عملے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔مقدمہ سندھ گورنمنٹ لوکل ایکٹ 2013 کے تحت فیروزآباد تھانے میں درج کیا گیا۔فیروز آبادتھانے کے اسٹیشن ہاوٴس افسر (ایس ایچ او) نے مقدمے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مقدمہ تعمیراتی ادارے گوہر گروپ آف کمپنیز کے خلاف درج کیا گیا۔حکام کے مطابق مقدمے میں گوہر بلڈرز کے منیجر مظہر حسین اور دیگر افراد کو نامزد کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :