پانامہ اور ٹیکس ہیون میں کوئی کمپنی تھی نہ ہے،رحمان ملک

انڈین ایکسپریس کی خبر کو پاکستانی میڈیا پر مجھ سے رابطہ کئے بغیر بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے،بیان

ہفتہ 9 اپریل 2016 22:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 اپریل۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی راہنما و سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ ان کی آف شور ، پانامہ اور ٹیکس ہیون میں کوئی کمپنی رجسٹرڈ تھی نہ ہے ۔ انڈین ایکسپریس کی خبر کو پاکستانی میڈیا پر مجھ سے رابطہ کئے بغیر بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے ۔انڈین ایکسپریس کی خبر ”را“ کی سازش ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان سے میری اپیل ہے کہ وہ ایک کمیشن کا اعلان کر ے جو اس بات کی تفتیش کرے کہ ان کے نام سے پانامہ یا ٹیکس ہیون میں کوئی کمپنی رجسٹرڈ ہے ۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور میرے نام پر قوم کو گمراہ کیا جا رہا ہے ۔اگریہ سازش نہیں ہے تو انڈین ایکسپریس کو پرانی خبر چلانے کی ضرورت کیوں پیش آئی ۔

(جاری ہے)

انڈین ایکسپریس کو محترمہ بے نظیر بھٹو شہید اور میں کیوں نظر آئے جن کے خلاف سٹوری چلائی گئی انہوں نے کہا کہ میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ پانامہ یا ٹیکس ہیون میں کوئی کمپنی رجسٹرڈ نہیں ہے ۔شاید کچھ لوگوں کو میرے نام سے خبر کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنا اچھا لگتا ہے ۔جس کسی نے بھی اپنا پیسہ ملک سے غلط ذرائع سے منتقل کیا ان کا احتساب ہونا چاہئے رحمان ملک نے کہا کہ انڈین ایکسپریس کی خبر ”را“ کی سازش ہے ۔ جس کو میں جلد قوم کے سامنے بے نقاب کروں گا ۔کچھ اینکر حضرات بغیر جانتے ہوئے میرا نام پانامہ لیکس سے منسلک کر رہے ہیں اور میرے بارے میں غلط افواہیں پھیلا رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :