Live Updates

آئین کی حرمت اس بات کا تقاضا کرتی ہے ہم اس کی روح کے مطابق عمل اور حفاظت کریں ، آصف زرداری

آئین ہی سے وفاق کی اکائیاں ایک دوسرے سے منسلک ہوتی ہیں، یوم آئین کے موقع پر پیغام

ہفتہ 9 اپریل 2016 20:20

آئین کی حرمت اس بات کا تقاضا کرتی ہے ہم اس کی روح کے مطابق عمل اور حفاظت ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اپریل۔2016ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرنز کے صدر آصف علی زرداری نے 10اپریل کو یوم آئین کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آئین کی حرمت اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ ہم نہ صرف اس پر اس کی روح کے مطابق عمل کریں بلکہ اس کی حفاظت بھی کریں اور اس کے ساتھ ساتھ ان عناصر کو سزا دیں جنہوں نے آئین کو توڑا کیونکہ آئین وہ دستاویز ہے جو ریاست اور شہریوں کے درمیان ایک معاہدہ ہوتا ہے اور آئین ہی سے وفاق کی اکائیاں ایک دوسرے سے منسلک ہوتی ہیں۔

آج کے دن10 اپریل 1973 کو پاکستان کی قومی اسمبلی نے متفقہ طور پر آئین کی منظوری دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ قومی طور پر بے عزتی کی بات ہے کہ ایک ڈکٹیٹر نے 1977 میں آئین کو توڑا اور کہا کہ یہ ایک پندرہ صفحے کی ایسی دستاویز ہے جسے وہ کسی بھی وقت پھاڑ کر پھینک سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری نے کہا کہ آئین کو پھاڑ کر پھینکنا قوم کی روح کو قتل کرنا ہے اور آئین کی بے عزتی پاکستان کے عوام کی بے عزتی کے مترادف ہے۔

جو لوگ آئین کی بے عزتی کرتے ہیں اور اسے پھاڑتے ہیں وہ قوم کے غدار ہیں۔ ڈکٹیٹروں اور غاصبوں کو ہر صورت میں سزا ملنی چاہیے اور وہ وقت آئے گا جب ان سب کو سزا ملے گی۔ آصف علی زرداری نے سینیٹ آف پاکستان کو سراہا جس نے یوم آئین منانے میں پہل کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑا بروقت اقدام ہے اور ان لوگوں کا پیچھا کرنا چاہیے جنہوں نے آئین کو توڑا ہے۔

سینیٹ وہ پہلا مستقل ادارہ ہے جس نے غدار کے خلاف مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا تھا۔ آصف علی زرداری نے تمام جمہوری پارٹیوں اور عوام کو یوم آئین کے موقع پر مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ آج یوم آئین منانے سے پاکستان کے عوام میں آئین کی اہمیت کی آگاہی پیدا ہوگی اور وہ اس کی حفاظت کرنے کا عہد کریں گے۔ آصف علی زرداری نے قائدعوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تمام صوبوں، سیاسی پارٹیوں اور آراء رکھنے والے لوگوں کو متحد کیا اور آئین بنایا۔

انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی جمہوریت اور آئین کی حکمرانی کی سربلندی کی داعی تھیں۔ انہوں نے مختلف سیاسی لیڈروں اور سیاسی پارٹیوں کو بھی سراہا جنہوں نے آئین اور جمہوریت کی حفاظت کے لئے بڑی قربانیاں پیش کیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات