Live Updates

پی ٹی آئی پنجاب کے ڈویژنل اور اضلاع کے الیکشن کوآرڈینٹرز کے لئے ٹریننگ سیشن کا انعقاد

ٹریننگ سیشن میں پارٹی الیکشن کے قواعددضوابط ، ووٹرلسٹوں سے لے کر کاغذات کی نامزدگی تک کوآرڈی نیٹرز کو بریفنگ دی گئی

ہفتہ 9 اپریل 2016 18:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے ڈویژنل اور اضلاع کے الیکشن کوآرڈینٹرز کے لئے مقامی ہوٹل میں ٹریننگ سیشن کا انعقاد کیا گیا ، ٹریننگ سیشن میں صوبائی الیکشن کمشنر جنرل (ر)ا نیس باجوہ، ممبر مرکزی الیکشن کمیشن یعقوب اظہار، سیکرٹری الیکشن کمیشن کرنل (ر) خالد ظہور، ممبر صوبائی الیکشن کمیشن سید فخرالزمان گیلانی ،ڈاکٹر عاطف الدین ،قیصر شاہ، فاطمہ چدھڑ، آمنہ صدف سمیت دیگر نے شرکت کی ، ٹریننگ سیشن میں پارٹی الیکشن کے قواعددضوابط بتائے گئے ، ووٹرلسٹوں سے لے کر کاغذات کی نامزدگی تک کوآرڈی نیٹرز کو بریفنگ دی گئی، ٹریننگ سیشن کے مہمان خصوصی تحریک انصاف کے چیف الیکشن کمشنر وسینٹر نعمان وزیر تھے ، نعمان وزیر نے اپنے خطاب میں پنجاب کے تمام ضلعی کوآرڈی نیٹرز کو کہا کہ پارٹی الیکشن کومنعقد کروانے میں تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا اور پارٹی الیکشن صاف اور شفاف ہونگے ،انہوں نے کہاکہ پارٹی الیکشن میں حصہ لینے والوں کو بھی ممبرشپ حاصل کرنا ہوگی اس کے بغیر وہ پارٹی الیکشن کے لئے اہل نہ ہوں گے، صوبائی الیکشن کمشنر جنرل(ر) انیس باجوہ نے اپنے خطاب میں صاف اور شفاف الیکشن کے انعقاد کی یقین دہائی کروائی ، ڈویژنل اور ضلعی الیکشن کوآرڈینیٹرز کو ہدایت جاری کیں کہ وہ پارٹی الیکشن کو ایمانداری سے کروانے کے لئے کسی دباؤ میں آئے بغیر اپنی ذمہ داریوں احسن طریقے سے نبھائیں،ٹریننگ سیشن میں تحریک انصاف کی ممبرسازی کا جائزہ لیا گیا اورکہا کہ 15 اپریل تک ممبرسازی مہم جاری رہے گی اس کے فوراً بعد ووٹرزلسٹوں کو ترتیب دیا جائے اور جون میں پارٹی الیکشن کا مرحلہ مکمل کر لیا جائے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات