پنجاب میں نرسنگ ڈپلومہ کی بجائے ڈگری پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 9 اپریل 2016 16:54

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اپریل۔2016ء)سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ صوبہ میں نرسنگ شعبہ کی ترقی اورنرسوں کو اعلیٰ تعلیمی مواقع فراہم کرنے کیلئے اہم اقدامات کئے جا رہے ہیں اور صوبے میں نرسنگ ڈپلومہ کے بجائے بی ایس سی نرسنگ ڈگری پروگرام شروع کیا جا رہاہے،اس مقصد کیلئے پنجاب کے 45نرسنگ سکولوں کوڈگری کالجز میں تبدیل کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بات پنجاب میں نرسنگ سکولوں کی اپ گریڈیشن اورڈگری پروگرام شروع کرنے کے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسر فیصل مسعود، پرووائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور ڈاکٹر جنید سرفراز خان، کنسلٹنٹ ٹی آر ایف ڈاکٹر احسان ترین، ڈی جی نرسنگ نصرت سعیدہ،ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ظہیر عباس ملک، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر سلمان شاہد، ڈپٹی سیکرٹری میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر ناصر شاکر، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی اور پی ایس پی یو سے ڈاکٹر زاہدہ سرور نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ پہلے مرحلہ میں مختلف اضلاع کے 16نرسنگ سکولوں کو نرسنگ کالج کا درجہ دیا جائے گا تاہم 2018ء تک تمام نرسنگ سکول ڈگری کالجز میں تبدیل کردیئے جائیں گے۔نجم احمد شاہ نے ہدایت کی کہ کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ایم ایس سی نرسنگ پروگرام کیلئے 50،50سیٹیں پیدا کی جائیں تاکہ بی ایس سی نرسنگ طالبات کو پڑھانے کیلئے اساتذہ مقامی طورپر تیار کئے جاسکیں۔

پرووائس چانسلر یو ایچ ایس نے بتایاکہ یو ایچ ایس میں ایم ایس سینرسنگ کیلئے 15سیٹیں مختص ہیں۔سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے ہدایت کی کہ نرسنگ کی ڈگری کلاسز کی تعلیم وتربیت کیلئے فیکلٹی میں توسیع کی جائے اور کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی اور یو ایچ ایس سری لنکااور فلپائن سے اعلیٰ تعلیم یافتہ نرسنگ کے شعبہ کے ماہرین کی خدمات حاصل کریں۔ اس مقصد کیلئے عالمی اخبارات میں فوری طور پر اشتہار دینے کے اقدامات کئے جائیں۔ نجم احمد شاہ نے اس سلسلہ میں بلاتاخیر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔