پیپلز پارٹی بینظیر بھٹو شہید کے فلسفہ ،ویژن کے مطابق حکومتی معاملات چلا رہی ہے، راجہ فیصل ممتاز راٹھور

ہفتہ 9 اپریل 2016 16:34

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اپریل۔2016ء) حویلی میں ن لیگ کو بہت بڑا دھچکا، تیروں کی بارش سے شیر زخمی ہو گیا ، ن لیگ کے سینکڑوں سرکردہ افراد کا وزیر برقیات راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت پر اعتماد کا اظہار، پیپلز پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور تعمیر و ترقی کے کاموں کی وجہ سے سینکڑوں افراد نے ن لیگ سے مستعفی ہو کر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔

تفصیلات کے مطابق حویلی میں مسلم لیگ ن کے سرکردہ رہنماؤں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے، پیپلز پارٹی میں شامل ہونیوالے میں محمد قدیر ، محمد اعجاز ولد محمد رشید ، عبدالقیوم ولد جلال دین کرنی بھاڑ کوٹ سے ن لیگ چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ اور وزیر برقیات راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اور کہا کہ وزیر برقیات راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے حویلی میں تعمیر و ترقی کے ریکارڈ اور تاریخ ساز کام کروائے، مسلم لیگ ن عملا مفلوج ہو چکی ہے اور آئندہ آنیو الی حکومت پیپلز پارٹی کی ہو گی ۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ حق و سچ کی آواز بلند کی ہے،پیپلز پارٹی نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں ریکارڈ تعمیراتی کام بلا تخصیص کروائے، حویلی میں پیپلز پارٹی کی مضبوطی کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں اور انشاء اللہ پیپلز پارٹی جلد دوبارہ حکومت بنائیگی اس موقع پر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے نئے شامل ہونیوالوں کو ہار پہنائے اور مبارکباد پیش کی اور کہا کہ انشاء اللہ کارکنوں کے تمام جائز مطالبات پورے کئے جائیں گے ۔

پیپلز پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے فلسفہ اور ویژن کے مطابق حکومتی معاملات چلا رہی ہے، کارکن پیپلز پارٹی کا اثاثہ ہیں، کارکنوں کے حقوق پر شب خون مارنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ چوہدری عزیز نے حلقہ کے عوام کو دھوکہ دینے کے سوا کچھ کام نہیں کیا، چوہدری عزیز پانچ سال انتظار کریں، ن لیگ کو حویلی سے کلین واش کرینگے ، حویلی مرحوم ممتاز راٹھور کے چاہنے والوں کا علاقہ ہے ۔ چوہدری عزیز جو مرضی آئے کر لیں پیپلز پارٹی کا گراف بہت بلند ہو چکا ہے، پیپلز پارٹی نے حلقے کے اندر بلاتخصیص کام کروائے، پیپلز پارٹی میں عوام کی شمولیت اس پر بات پر عیاں ہیں کہ عوام ن لیگ سے نالاں ہیں اور چوہدری عزیز کے پینترے بازی کو اچھی طرح جانتے ہیں۔