ملکی حالات ،واقعات کے تناظرمیں انسداد دہشت گردی کیلئے بنائے جانیوالے قوانین کانفاذ ،عملداری پاکستان ،آزادکشمیر کے امن وسلامتی کے ضامن ہیں،راجہ امجدپرویز علی

ہفتہ 9 اپریل 2016 16:34

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اپریل۔2016ء)چیئرمین ریجنل کمیٹی برائے عملدرآمد نیشنل ایکشن پلان وکمشنرمیرپورڈویژن راجہ امجدپرویز علی خان نے کہاہے کہ موجودہ ملکی حالات اور واقعات کے تناظرمیں انسداد دہشت گردی کے لیے بنائے جانے والے قوانین کانفاذ اور عملداری پاکستان اور آزادکشمیر کے امن وسلامتی کے ضامن ہیں۔ ڈویژن بھرمیں نیشنل ایکشن پلان کے تحت حاصل ہونے والے اہداف سے ڈویژن بھرمیں امن وامان کی صورتحال تسلی بخش ہے جس میں مذیداصلاحات کی ضرورت ہے۔

پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کی عملداری کے سلسلہ جاری اپریشن کے ڈویژن میرپورکے اضلاع میرپوراوربھمبرپرممکنہ اثرات کے سدباب کے لیے انتظامیہ ، پولیس اور قومی سلامتی کے اداروں کوسماج دشمن عناصر پرکڑی نظررکھناہوگی اور اضلاع کے تمام داخلی وخارجی راستوں پرسکیورٹی کے فول پروف انتظامات کویقینی بناناہوگا ۔

(جاری ہے)

پاک فوج اور قومی سلامتی کے اداروں کی طرف سے سماج دشمن عناصر کے خلاف اپریشن میں انتظامیہ، پولیس سمیت ریاست کے ہروفادار شخص کوپوری دیانتداری کے ساتھ نیشنل ایکشن پلان کے قوانین کی عملداری میں شانہ بشانہ کھڑے ہونا پڑے گا۔

یونیورسٹی ، کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں سکیورٹی پرتعینات گارڈ کوپولیس سے تربیت دلوائی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناگہانی صورتحال کے وقت سماج دشمن افراد کوکیفرکردارتک پہنچایاجاسکے۔ ڈویژن بھرمیں پولیس گشت ، ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز، ریسٹ ہاؤسز کی روزانہ کی بنیاد پرپڑتال کی جائے۔ اسلحہ ڈیلروں ، این جی اوز، مدارس سمیت ساؤنڈ سسٹم ، قانون کرایہ داری کے تحت کرایہ داروں کی رجسٹریشن کے حوالے سے کوئی کوتاہی نہ برتی جائے ۔

ڈویژن میرپورمیں کامیاب نیشنل ایکشن پلان کاسہراانتظامیہ، پولیس اور حساس اداروں کے باہمی اشتراک سے ہے جسے مذید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے نیشنل ایکشن پلان کی ریجنل کمیٹی کے نویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی سردارگلفرازخان، ڈپٹی کمشنرمیرپورچوہدری امجداقبال، ڈپٹی کمشنربھمبرمرزاارشد جرال، ڈپٹی کمشنرکوٹلی سردارعدنان خورشید، ایس ایس پی میرپورراجہ عرفان سلیم، ایس ایس پی بھمبر چوہدری منیرحسین، ایس ایس پی کوٹلی چوہدری محمدامین، انفارمیشن آفیسرمحمد جاوید ملک ، پاک فوج اور حساس اداروں کے افسران اور متعلقین نے شرکت کی۔

اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کی عملداری کے سلسلہ میں تینوں اضلاع کی طرف سے پراگرس رپورٹ پراطمینان کااظہار کیاگیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنرمیرپورڈویژن راجہ امجدپرویز علی خان نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان کی عملداری دراصل پاکستان اور آزادکشمیرمیں امن وامان کی صورتحال کوبرقراررکھنااور سماج دشمن عناصر کوکیفرکردار تک پہنچاناہے۔

انھوں نے کہاکہ موجودہ ملکی حالات وواقعات کے تناظرمیں دہشت گردی کے جن چیلنجز کاسامناہے اس سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے نیشنل ایکشن پلان کے تحت بنائے جانے والے قوانین کی عملداری سے ہی ممکن ہے۔ کمشنرمیرپورڈویژن راجہ امجدپرویز علی خان نے کہاکہ حالیہ پنجاب میں دہشت گردی کے واقعات اور دہشت گردی کے خلاف جاری اپریشن کے اثرات ضلع میرپوراوربھمبرمیں پڑسکتے ہیں۔

لہذا ضلع میرپوراورضلع بھمبرکے پنجاب کے ساتھ علاقوں میں سخت سکیورٹی کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہاکہ ڈویژن بھرمیں افغان مہاجرین کے انخلاء کے بعد کسی بھی ضلع میں غیررجسٹریشن افغانیوں کے داخلہ پرنہ صرف پابندی ہے بلکہ داخل ہونے والے غیررجسٹریڈ افغانیوں کے خلاف پرچے درج کرکے ان کی گرفتاری عمل میں لائی جائیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ آزادکشمیرمیں ایسے رہائش پذیر افراد جن کے نادرا کی طرف سے کارڈ بلاک ہوگئے تھے اور انھیں نادرا کے آفس میں پیش ہوکر اپنے پاکستانی ہونے کاثبوت فراہم کرنے کاموقع دیاگیاتھا اور وہ پیش نہ ہو کراپنے آپ کوپاکستانی شہری ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں ان کا بھی فوری انخلاء کیاجائے۔

اجلاس میں ڈویژن بھرمیں کسی بھی قسم کے اجتماع متعلقہ ڈپٹی کمشنرکی اجازت کے بغیر نہیں ہوسکے گا۔ ایسے علماء کرام جن پرحکومت پاکستان نے پابندی لگارکھی ہے کہ داخلہ اور ان کی تقریروں پرنہ صرف پابندی رہے گی بلکہ اس کی خلاف ورزی کرنے پرمتعلقہ منتظم کے خلاف کارروائی ہوگی۔ اجلاس میں مدارس کی رجسٹریشن ، اساتذہ اور طلباء وطالبات کی پڑتال کی بھی ہدایات دی گئیں اس طرح تعلیمی اداروں سمیت آزادکشمیرمیں فارنرز کی سکیورٹی کے لیے بھی اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

ڈویژن بھرمیں ایسے پراجیکٹ جن پر فارنرکام کررہے ہیں کوہدایات کی گئی کہ وہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت اپنی سکیورٹی سسٹم پرعملدرآمد کریں بصورت دیگر ان کے خلاف بھی ضابطہ کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اجلاس میں اسلحہ ڈیلروں ، این جی اوز، ٹریولنگ چیکنگ، منی ایکسچینج کی پڑتال سمیت دیگراہم فیصلہ جات بھی کیے گئے۔ اجلاس میں حساس اداروں کی نشاندھی پرجہاں جہاں سکیورٹی کے حوالے سے خدشات پائے گئے انھیں فوری دورکرنے کی ہدایات دیں گئی۔

اجلاس میں کہاگیا کہ نیشنل ایکشن پلان کی عملداری کے سلسلہ میں ڈویژنل امن کمیٹی بھی قائم کی جائے جبکہ ضلعی ،تحصیل اور تھانہ امن کمیٹیوں کے اجلاس بروقت منعقد کیے جائیں اور میونسپل کمیٹی کے فیصلہ جات پرعملدرآمد کے سلسلہ میں عوام کوآگاہ کیاجائے۔ اجلاس میں قانون کرایہ داری پراولین عملدرآمد کروایاجائے۔مکانوں اور دوکانوں میں رہائش رکھنے والے کرایہ داروں کی رجسٹریشن متعلقہ تھانہ میں یقینی بنائی جائے۔

اجلا س میں ڈویژن کے ڈپٹی کمشنراور ایس ایس پی حضرات کوہدایت کی گئی کہ پاکستان اور آزادکشمیر کی سالمیت اور امن وامان کے حوالے سے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں ۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے جب تک موثراقدامات نہیں اٹھائیں گے اس وقت تک امن وامان قائم رکھنادشوار ہوگا۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ ملک دشمن عناصر کے خلاف اطلاع ملنے پربلاتاخیر اپریشن کیاجائے۔ ریاست کی سلامتی ، دفاع اور عوام کے جان ومال کاتحفظ ہماری قومی ذمہ داری ہے جس میں لاپروائی یاکوتاہی کسی صورت برداشت نہیں ہوگی۔