ایس ایس یو کی بہتر کارکردگی کی وجہ سے اے آئی جی سیکیورٹی کے عہدے کو کمانڈنٹ ایس ایس یو میں تبدیل کردیا گیا

ہفتہ 9 اپریل 2016 16:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اپریل۔2016ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ کے ترجمان نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ میں خاص طور پر کراچی میں سیکیورٹی کے نظام کو مربوط بنیاد پر استوار کرنے کے لیے ایس ایس یو کی بہتر کارکردگی کے پیش نظر اے آئی جی سیکیورٹی کے عہدے کو کمانڈنٹ ایس ایس یو کی حیثیت میں تبدیل کردیا گیا ہے جبکہ ڈی آئی جی سیکیورٹی کراچی کا نیا عہدہ قائم کردیا گیا ہے۔

ترجمان نے ٹی وی چینل پر چلنے والی خبر اور ٹکر کو بے بنیاد اور قطعی غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی آئی جی سیکیورٹی کراچی کے نئے عہدہ کی اضافی ذمہ داری کمانڈنٹ ایس ایس یو کو دی جارہی ہے تاکہ ایس ایس یو کی طرز پر سیکیورٹی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جاسکے۔آئی جی پولیس کے ترجمان نے مزید کہا کہ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کی بہترین کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ایس پی محافظ اور ایس پی مددگار 15 اور کمانڈ اینڈ کنٹرول کو کمانڈنٹ ایس ایس یوکے ماتحت کردیا گیا ہے تاکہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف فوری کاروائی کے لیے پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

کراچی کے حالات اور امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ایس ایس یو کو ایڈیشنل آئی جی کراچی کے ماتحت کردیا گیا ہے تاکہ انتظامی رکاوٹوں کو دور کرنے میں سہولت میسر آسکے۔