پی پی ،(ن) لیگ کے سوا تمام سیاسی جماعتیں مہاجرین کیلئے این او سی کی شرط کے خاتمہ کا مطالبہ کرچکی ہیں ، محمد طاہر کھوکھر

ہفتہ 9 اپریل 2016 14:53

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اپریل۔2016ء)ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر طاہرکھوکھر نے کہا ہے کہ پی پی اور ن لیگ کے سوا تمام سیاسی جماعتیں مہاجرین کیلئے این او سی کی شرط کے خاتمہ کا مطالبہ کرچکی ہیں اور مہاجرین کشمیر اسے متعصبانہ اور اپنے حقوق پر ڈاکاڈالنے کے مترادف سمجھتے ہیں ‘ حکومت اور الیکشن کمیشن کو زبانی اور تحریری درخواستیں بھی کی جاچکی ہیں لیکن اگر اس کے باوجود اس مسئلہ کا کوئی حل نہ نکالا گیا تو تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا پی پی اور ن لیگ کو باہمی گٹھ جوڑ سے اپنے مرضی کے نتائج حاصل کرنے اورمہاجرین کے حقوق غصب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

دیگر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت شروع کردی ہے اگر حکومت نے کوئی حل نہ نکالا تو مہاجرین کے حقوق کیلئے مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہاں کارکنان کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے طاہرکھوکھر نے کہا کہ پاکستان کی طرح آزادکشمیر میں بھی ایم کیوایم کے خلاف سازشوں کابازار گرم ہے شہری سندھ میں ایم کیوایم کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے کیلئے تمام غیر قانونی اور غیر جمہوری حربوں کے استعمال کے باوجود ہمارے سیاسی مخالفین مرضی کے نتائج حاصل نہیں کرسکے اور اب آزادکشمیراسمبلی میں ایم کیو ایم کا مینڈیٹ چرانے اور متحدہ کو عوامی نمائندگی سے محروم کرنے کیلئے ایک منظم پلاننگ کے تحت سندھ اور بلوچستان میں مہاجرین کشمیر کو حق رائے دہی سے محروم کیا جارہاہے جہاں لوگ ایم کیو ایم کو ووٹ دینا چاہتے ہیں وہ قانونی پیچیدگیاں پیدا کر کے اور ووٹ اندراج کیلئے عملہ کی تقرری نہ کر کے ووٹ سے محروم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور جہاں پر ن لیگ کااثررسوخ اور ان کی حکومت ہے وہاں پر ہزاروں جعلی اور بوگس ووٹ درج کئے جارہے ہیں اور خود ن لیگ کے ایم این اے ‘ ایم پی اے اور ناظمین ووٹ اندراج کرواتے پھر رہے ہیں۔

لیگی قیادت سر عام جمہوری اصولوں اور روایات کا مذاق اڑا رہی ہے اور ملک کی ایک بڑی سیاسی قوت کو آزادکشمیر اسمبلی میں نمائندگی سے محروم کرنے کیلئے سازشوں‘ اور غیر جمہوری ہتھکنڈوں کاسہارا لیاجارہا ہے انہوں نے کہاکہ اس طرح کے حربوں سے ہمارا حوصلہ پست نہیں ہوگا اور ہم تمام سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ آزادکشمیر کے طول و عرض میں پھیل جائیں اور ایم کیو ایم کا منشور اور قائد تحریک کا فکر و فلسفہ گھر گھر پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔