وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم اورکرکٹر احمد شہزاد نے جناح ہسپتال میں گلشن اقبال پارک دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی

ہفتہ 9 اپریل 2016 14:38

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اپریل۔2016ء) لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے قومی ٹیم کے اوپنر بلے باز احمد شہزاد کے ہمراہ جناح ہسپتال میں گلشن اقبال پارک دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی اور ان میں تحائف تقسیم کئے ۔ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم اورقو می کرکٹر احمد شہزاد کو ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کوعلا ج معالجے کی دی جانے والی سہولتوں سے آگاہ کیا گیا۔

بعد ازاں شنیر اکرم اور احمد شہزاد نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں سے فرداً فرداً ملاقات کر کے انکی خیریت دریافت کی اور انہیں تحائف دئیے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احمد شہزاد نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کیخلاف بھرپور کارروائیاں کر رہے ہیں ہمیں انہیں سپورٹ دینے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ رات میرے ایک دوست کو جب معلوم ہوا کہ میں زخمیوں کی عیادت کیلئے جارہا ہوں تو اس نے بھی پانچ لاکھ روپے کا چیک دیا ۔

انہوں نے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کی کرکٹ کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں ان لوگوں میں سے ہوں جنہیں اللہ تعالیٰ نے چھوٹی عمر بہت نوازا اور یہ اس مٹی کی بدولت ہے ۔ میں پاکستان کیلئے بہت کچھ کرنا چاہتا ہوں۔ احمد شہزاد نے کہا کہ حال میں جو کچھ کہا گیا اسے سنا ہے اور برداشت بھی کیا ہے لیکن اگر میں بھی جواب میں ٹی وی پر آکر اس طرح کی باتیں شروع کر دوں گا تو اس سے پاکستان کی کرکٹ اور پاکستان کا نقصان ہوگا۔

مجھے اللہ نے بڑا حوصلہ دیا ہے میں جب بھی کچھ بولوں گا پاکستان کی بہتری کے لئے بولوں گا ۔ میری کوشش ہوتی ہے کہ اپنے بلے کے ذریعے ناقدین کو جواب دوں اور کبھی پرفارم نہیں بھی ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلیاں آئی ہیں تو یقینا اس سے بہتری آئے گی ۔ کرکٹ بورڈ ایک ادارہ ہے ہمیں اس ادارے اور کرکٹ کو سپورٹ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات میڈیا اور سوشل میڈیا پر ایسا کچھ بھی کہا جارہا ہوتا جس کا نام و نشان بھی نہیں ہوتا اوریہ چیزیں ہماری کرکٹ اور ملک کیلئے نقصان دہ ہیں ۔