امریکہ کی دہشتگردی کے خطرہ کے پیش نظر اپنے شہریوں کو پاکستان کا غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت

پاکستان کو دہشتگردی ‘ تشدد اور فرقہ وارانہ فسادات کا سامنا ہے ‘ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ

ہفتہ 9 اپریل 2016 14:13

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اپریل۔2016ء) امریکہ نے دہشتگردی کے خطرہ کے پیش نظر اپنے شہریوں کو پاکستان کا غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کیے گئے سفری انتباہ میں کہا گیا کہ پاکستان کو دہشتگردی ‘ تشدد اور فرقہ وارانہ فسادات کا سامنا ہے اور متعدد ملکی و غیر ملکی دہشت گرد گروہ پورے ملک میں رہنے والے امریکی شہریوں کیلئے ایک خطرہ ہیں۔

بیان میں کہاگیا کہ دہشتگردوں نے یونیورسٹی ‘ اسکول ‘ ریلیوں ‘ عبادت گاہوں اور پاکستان کے مختلف شہروں میں بڑے بازاروں کو نشانہ بنایاامریکی شہریوں کو یاد دلایا گیا کہ 16اپریل 2015 کو 2 مسلح افراد نے کراچی میں ایک امریکی استاد کو نشانہ بنایااسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق 2016 کی ابتداء سے اب تک ایک خودکش بمبار نے کوئٹہ میں ایک ہسپتال کے سامنے حملہ کیا جس میں 15 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوئے ‘ مسلح افراد نے چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر حملہ کیا جس میں 22 لوگ زندگی کی بازی ہار گئے اور لاہور میں ایک خودکش حملہ آور نے حملہ کیا جس میں 70 سے زائد افراد جاں بحق اور 340 سے زائد زخمی ہوئے ۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق اسلام آباد میں موجود امریکی سفارت خانے اور کراچی میں موجود قونصل خانہ، اپنے تمام شہریوں کو خدمات فراہم کرتا رہے گا جبکہ پشاور قونصلیٹ اب یہ خدمات فراہم نہیں کرسکتا۔ دوسری جانب لاہور میں موجود قونصل خانے کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔