حالیہ بارشوں کے باعث متاثرہ علاقوں کی بحالی کے کاموں میں تیزی لائی گئی ہے،رانا فرمان علی

ہفتہ 9 اپریل 2016 13:44

گلگت۔ 09 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 اپریل۔2016ء)صوبائی وزیر بلدیات و ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن رانا فرمان علی نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث متاثرہ علاقوں کی بحالی کے کاموں میں تیزی لائی گئی ہے گلگت اور مضافات میں پھنسے مسافروں کو اپنے اپنے مقامات تک پہنچانے کے لئے C-130طیارے ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں جبکہ 200سے زائد مسافروں کو اسلام آباد پہنچادیا گیا ہے ،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خطے کے دور دراز علاقوں سے پاک آرمی کے ہیلی کاپٹرز ریسکو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمن خطے میں متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لئے فکر مند ہیں اور ان کی ہدایات کی روشنی میں پٹرولیم مصنوعات گندم بحران پر قابو پایا جارہا ہے اور روز مرہ کے اشیاء خوردونوش کی ترسیل میں سہل لانے کے لئے اقدامات جاری ہیں اور C-130طیارے روزانہ کی بنیاد پر ریسکیو آپریشنز میں کوشاں ہیں ۔