پاکستان کی جانب سے بھارت کے ساتھ مذاکرات معطل کرنے کے اعلان پر کوئی حیرت نہیں ہوئی ، سید علی گیلانی

مذاکرات بارے بھارت کا رویہ سنجیدگی اور لچک پر مبنی نہیں تھا ، بیان

ہفتہ 9 اپریل 2016 12:34

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 اپریل۔2016ء) کل جماعتی حریت کانفرنس گیلانی گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کے ساتھ مذاکرات معطل کرنے کے اعلان پر کوئی حیرت نہیں ہوئی کیونکہ اس حوالے سے بھارتی رویہ کسی قسم کی لچک اور سنجیدگی پر مبنی نہیں تھا ۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت جب تک اپنے غیر حقیقت پسندانہ رویئے کو ترک نہیں کرتا اور کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو دو ٹوک الفاظ میں تسلیم نہیں کرتا مذاکراتی عمل محض ایک مشغلہ اور وقت گزاری مانا جائیگا اور اس سے کوئی مثبت نتیجہ نکلنے کی توقع نہیں کی جاسکتی انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے مابین مستقبل میں مذاکراتی عمل بھی ہوا تو جب تک مسئلہ کشمیر پر بات نہ کی گئی یہ عمل بے سود رہے گا انہوں نے کہا کہ خطے میں مسئلہ کشمیر کے حل تک سیاسی غیر یقینیت اور عدم استحکام کی صورتحال برقرار رہے گی