غیر قانونی ترقیوں،عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر وفاقی سیکرٹری ہاوسنگ کوتوہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری

جمعہ 8 اپریل 2016 19:14

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اپریل۔2016ء )لاہور ہائیکورٹ نے گریڈ14کے افسر وں کی غیر قانونی طور پر گریڈ 18میں براہ راست تعیناتی اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر وفاقی سیکرٹری ہاوسنگ کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 26اپریل تک جواب طلب کر لیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ وزارت ہاؤسنگ میں سیاسی مداخلت پرگریڈ 14کے اسسٹنٹ اسٹیٹ افسروں کو غیر قانونی طور پر نوازتے ہوئے براہ راست گریڈ 18پر ایڈیشنل اسٹیٹ کے عہدے پر تعیناتیاں کی گئی ہیں۔فاضل عدالت نے غیر قانونی ترقیوں کو کالعدم قرار دے رکھا ہے مگر اسکے باوجود عدالت عالیہ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کر کے توہین عدالت کی جا رہی ہے۔ سماعت کے دورارن ڈپٹی اٹارنی جنرل نے موقف اپنایا کہ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ فاضل عدالت نے سیکرٹری ہاوسنگ شاہ رخ خان کو توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے26 اپریل کو جواب طلب کر لیا۔