بڑے ترقیاتی منصوبوں، اقتصادی سرگرمیوں اور ملازمتوں کے نئے مواقع سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی

وزیراعظم محمد نواز شریف کی پنجاب کے وزیر برائے محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور سے گفتگو

جمعہ 8 اپریل 2016 19:03

اسلام آباد ۔ 8 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 اپریل۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بڑے ترقیاتی منصوبوں، اقتصادی سرگرمیوں اور ملازمتوں کے نئے مواقع سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ وہ پنجاب کے وزیر برائے محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے جمعہ کو وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران انسانی وسائل کی ترقی اور صوبے کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت محنت کشوں کے وقار پر یقین رکھتی ہے اور یہ سمجھتی ہے کہ ایک خوشحال ورک فورس ہی گلوبلائز مارکیٹ انوائرمنٹ میں مسابقت کے قابل ہو سکتی ہے۔ منتخب نمائندوں کے کندھوں پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے عوام کی خدمت کریں جنہوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا اور انہیں مینڈیٹ دیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے صوبائی حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لئے موثر اور نئے خیالات متعارف کرانے پر ان کی تعریف کی۔ صوبے میں ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بڑے ترقیاتی منصوبوں، اقتصادی سرگرمیوں اور ملازمتوں کے نئے مواقع سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ راجہ اشفاق سرور نے پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات، توانائی کے منصوبوں، انفراسٹرکچر کی ترقی کے منصوبے شروع کرنے اور ملازمت کے مواقع تخلیق کرنے پر وزیراعظم کی تعریف کی۔ انہوں نے وزیراعظم کو انسانی وسائل کی ترقی اور مختلف شعبہ جات میں مواقع کے حوالے سے صوبائی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔