چوہے مارنے سے وزیراعظم بننے کی خواہش پوری نہیں ہو سکتی، پاناما لیکس پر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی نگرانی میں کمیشن کا مطالبہ کرنے والے اس سے قبل دھاندلی کے الزام پر بنائے گئے کمیشن کے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکاری ہیں، مالاکنڈ میں صوبائی حکومت کی جانب سے کسٹم ایکٹ کا نفاذ کیا گیا

جمعیت علمائے اسلام (ف) کی خاتون رکن نعیمہ کشور خان کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

جمعہ 8 اپریل 2016 19:01

اسلام آباد ۔ 8 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 اپریل۔2016ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کی خاتون رکن نعیمہ کشور خان نے کہا ہے کہ چوہے مارنے سے وزیراعظم بننے کی خواہش پوری نہیں ہو سکتی، پاناما لیکس پر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی نگرانی میں کمیشن کا مطالبہ کرنے والے اس سے قبل دھاندلی کے الزام پر بنائے گئے کمیشن کے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکاری ہیں۔

مالاکنڈ میں صوبائی حکومت کی جانب سے کسٹم ایکٹ کا نفاذ کیا گیا جبکہ یہاں کے اراکین قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کروا کر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کر رہے ہیں۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں نعیمہ کشور نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے اس ایوان میں بحث سے ثابت ہوا کہ یہی ایوان سپریم ہے۔

(جاری ہے)

یہاں پر آ کر سپیکر کو مخاطب کر کے بات کرنا پڑی۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کے پی کے میں پریس کانفرنس کیوں کی جاتی ہے۔ اس وقت پاناما لیکس سے بھی اہم معاملہ مالاکنڈ میں کسٹم کے نفاذ کا ہے۔ مالاکنڈ تباہ حال ہے، یہاں سے لوگوں نے نقل مکانی کی، صوبے میں مالاکنڈ کے 80 فیصد منتخب اراکین کابینہ میں ہیں اور یہاں قومی اسمبلی میں پوائنٹ سکورنگ کے لئے اس حوالے سے توجہ دلاؤ نوٹس لایا گیا ہے۔ یہ سنگین مذاق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھی کہتے ہیں کہ باہر سوئس بینک سرے محل شوکت خانم کے پیسے سمیت تمام پیسہ واپس آنا چاہئے۔ ہمیں مل بیٹھ کر کرپشن اور منی لانڈرنگ جیسے جرائم کے خاتمے کے لئے غور کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارلیمنٹ سپریم ہے تو اس کی کمیٹی تشکیل دی جائے۔ ابھی کمیشن تشکیل بھی نہیں دیا گیا اور اس پر اعتراض اٹھانے شروع کر دیئے گئے ہیں۔

کمیشن بنانے کے مطالبے کرنے والوں نے اس سے پہلے بھی ایک کمیشن بنوایا اور اس کے فیصلے کو تسلیم نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں کوئی بھی شہری جا سکتا ہے کسی کو روکا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دیکھنا چاہئے کہ پاناما لیکس میں سعودی عرب، چین، پاکستان اور روس کا نام لیا جا رہا ہے کیا انہی ممالک میں کرپشن ہے، کہیں یہ پاکستان کے خلاف سازش تو نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ وزارت عظمیٰ تک پہنچنے کے لئے شارٹ کٹ کے چکر میں ہیں۔ چوہے مار مہم سے وزیراعظم نہیں بنا جا سکتا اس کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بنوں میں ضلعی حکومت میں کونسلر کی بولی چھ کروڑ تک گئی تاہم پھر بھی ناکامی پر ہماری جماعت کے کونسلروں پر تشدد کیا گیا۔