پاکستانی بلائینڈ ٹیم نے سری لنکا بلائینڈ کو دوسرے ون ڈے میں 2 وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی،جمیل اور اعجاز نے نویں وکٹ میں 154 رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر سری لنکا کے منہ سے فتح کا نوالہ چھین لیا،جمیل ناقابل شکست سنچری بنانے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار،روون کی سنچری رائیگاں گئی

جمعہ 8 اپریل 2016 18:51

پاکستانی بلائینڈ ٹیم نے سری لنکا بلائینڈ کو دوسرے ون ڈے میں 2 وکٹوں ..

اسلام آباد ۔ 8 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 اپریل۔2016ء) محمدجمیل کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت پاکستان بلائینڈ ٹیم نے سری لنکا بلائینڈ کو دوسرے ون ڈے میں 2 وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی، گرین شرٹس نے 292 رنز کا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، 138 رنز پر 8 وکٹیں گرنے کے بعد جمیل اور محمداعجاز نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نویں وکٹ میں 154 رنز ناقابل شکست شراکت قائم کر کے مہمان ٹیم کے منہ سے فتح کا نوالہ چھین لیا۔

جمیل 100 اور اعجاز 54 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ روون وسنتھا کی سنچری رائیگاں گئی۔ جمیل کو عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز جناح سٹیڈیم، گرجوانوالہ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکن بلائینڈ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 291 رنز بنائے، رووان وسنتھا 115 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، موتوگاما 94 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، اسرار حسن پاکستان کے کامیاب ترین باؤلر رہے جنہوں نے حریف ٹیم کے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مطیع اللہ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب کیلئے پاکستانی بلائینڈ ٹیم جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز مایوس کن تھا اور 138 کے سکور پر اس کے 8 کھلاڑی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، اس موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ گرین شرٹس میچ ہار جائے گی لیکن جمیل اور اعجاز نے ہمت نہ ہاری، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر حریف باؤلرز کا مقابلہ کیا اور نویں وکٹ میں 154 رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ جمیل 100 اور اعجاز 54 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

متعلقہ عنوان :