صوبے کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ اولین ترجیح ہے ،سکندرشیرپاؤ

چھوٹے صوبوں اور چھوٹی قومیتوں کی احساس محرومی کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ انھیں اپنے حقوق اور وسائل پر اختیار دیا جائے اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کیلئے صحیح مردم شماری وقت کی اہم ضرورت ہے جسے وفاقی حکومت مختلف حیلوں بہانوں کے ذریعے التویٰ کا شکار بنا رہی ہے،سینئروزیرخیبرپختونخوا

جمعہ 8 اپریل 2016 18:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اپریل۔2016ء) سینئر صوبائی وزیر اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں عملی جدوجہد کے ذریعے عوام کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی اور ان کی محرومیوں کے خاتمہ کو یقینی بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کے روز وطن کور پشاور میں وڈپگہ پی کے 9کے عوامی نمائندوں اور سیاسی و سماجی کارکنان کے وفد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جنرل کونسلران محمد اقبال خان،ظہور خان،عبدالوہاب اور علاقہ کے سیاسی و سماجی رہنماؤں صدیق خان،حاجی مسکین،لیاقت خان اور ملک جاوید نے اپنے دیگر ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ ہمارے قول و فعل میں تضاد نہیں ہم جوکہتے ہیں کرکے دکھاتے ہیں اور ہماری سیاست کا محور عوام کی فلاح و بہبود،صوبہ کی تعمیر و ترقی اور خطے میں پائیدار امن کا قیام ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہماری تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے اور دھرتی کی حفاظت اور پختونوں کی بہبود کیلئے بیش بہا قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اورآئندہ بھی عوام کے شانہ بشانہ جدوجہد کرکے پختوم قوم کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم بخوبی آگاہ ہیں کہ خطہ اور پختون مشکل حالات سے گذر رہے ہیں اور انہیں بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے تاہم ہماری بھر پور کوشش ہوگی کہ خطہ اور پختونوں کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکیں۔

سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ چھوٹے صوبوں اور چھوٹی قومیتوں کی احساس محرومی کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ انھیں اپنے حقوق اور وسائل پر اختیار دیا جائے اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کیلئے صحیح مردم شماری وقت کی اہم ضرورت ہے جسے وفاقی حکومت مختلف حیلوں بہانوں کے ذریعے التویٰ کا شکار بنا رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ مردم شماری کے التویٰ کے خلاف قومی وطن پارٹی 16اپریل کو آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے جس میں خیبر پختونخواکے تمام سیاسی جماعتوں کے صوبائی قائدین اپنی جماعت کا موقف پیش کریں گے اور آئندہ کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :