معاشی دہشت گردی کرنیوالے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں‘لاہور ٹریڈرز رائٹس فورم

اعلی عدالت از خود انکوائری کا آغاز کرے ،جنرل راحیل شریف معاشی دہشت گردوں کو عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کریں‘راؤ خورشید علی

جمعہ 8 اپریل 2016 18:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اپریل۔2016ء) لاہور ٹریڈرز رائٹس فورم کے وائس چیئرمین راؤخورشیدعلی نے کہا ہے کہ معاشی دہشت گردی کرنیوالے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ، پاناما لیکس میں آنے والے تمام افراد کے خلاف بلا امتیاز انکوائر ی کر تے ہوئے عدالتوں میں کھڑا کیا جانا چاہیے،ملکی اثاثے اور قوم کا بال بال قرضے میں ڈوبا ہوا ہے جبکہ ملک و قوم کے اربوں ڈالرز آف شور کمپنیوں میں ڈالنے والے معاشی دہشت گردوں کا احتساب قوم کی آواز ہے ۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہی۔ راؤ خورشید علی نے کہا کہ پاناما لیکس میں جن افراد کے نام آئے ہیں ان کے خلاف کاروائی کرنے میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے پوری قوم کی امیدیں وابستہ ہیں ۔

(جاری ہے)

اگر آئس لینڈ کے وزیر اعظم مستفٰی ہو سکتے ہیں ،ارجنٹائن کے صدر کا احتساب اور ،ملائشین وزیر اعظم کے گرد گھیرا تنگ ہو سکتا ہے تو پھر جن پاکستانیوں کے نام پاناما لیکس نے ظاہر کئے ہیں ان کے خلاف کاروائی کرنے کیلئے کسی اور سیارے کی مخلوق نہیں آئیں گے۔

اعلی عدالت از خود نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا آغاز کرے اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف ان معاشی دہشت گردوں کو پکڑ کر عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کریں ، پوری قوم آپ کا ساتھ دے گی ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور قوم کا پیسہ لوٹنے والے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ۔اگر پاکستان کو اپنے قدموں پر کھڑ ا کرنا اور معاشی طور پر مضبوط کرنا ہے تو پھر ملک کی لوٹی ہوئی دولت ملک میں واپس لانا ہوگی اور ہر طرح کے اثر رسوخ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے بلا امتیاز کاروائی عمل میں لائی جائے ۔

متعلقہ عنوان :