بچے حوالگی کیس، لاہور ہائیکورٹ نے دو بچے باپ سے لے کر ماں کے حوالے کر دئیے

جمعہ 8 اپریل 2016 18:06

لاہور۔8 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 اپریل۔2016ء ) لاہور ہائیکورٹ نے بچے حوالگی کے ایک اور کیس میں دو بچے باپ سے لے کر ماں کے حوالے کر دئیے،عدالتی فیصلہ سنتے ہی باپ بے اختیار رو پڑا جبکہ بچے باپ سے بچھڑنے پر رو رو کر چیخیں مارتے رہے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک شہزاد احمد نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت عدالت کے رو برو شیخوپورہ کی رہائشی خاتون شہناز بی بی نے موقف اختیار کیا کہ اسکے خاوند نے لڑائی جھگڑے کے بعد اسے مار پیٹ کے گھر سے نکال دیا اور بچے چھین لئے،خاتون کے شوہر شبیر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اسکی بیوی نے لڑائی جھگڑے کے بعد اپنے بھائیوں کو گھر میں بلا لیا،سالوں نے گھر آتے ہی اسکی پٹائی کر دی،خاتون کے شوہر نے عدالت کو بتایا کہ مار کھانے کے بعداب اسکی اپنی بیوی سے صلح ممکن نہیں لہذااس کے بچوں کو انکے باپ کے ہمراہ جانے کی اجازت دی جائے،تاہم عدالت نے سات سالہ علی رضا اور پانچ سالہ زینب بی بی کو باپ سے لے کر ماں کے حوالے کر دیا۔

عدالتی فیصلہ سنتے ہی بچوں کا باپ بے اختیار رو پڑا جبکہ بچے اپنی ماں کی بجائے باپ کے ہمراہ جانے کیلئے چیخیں مار مار کر روتے دکھائی دئیے۔

متعلقہ عنوان :