آزاد کشمیر میں انتخابات ہر صورت شفاف اور منصفانہ کرانے کے لئے تحریک چلائی جائے گی،عمران خان

مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی عوامی نفرت کے خوف سے دھاندلی پر اتر آئے ہیں،چیئرمین پاکستان تحریک انصاف وفاقی حکومت کی بے جا مداخلت کو روکنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے،بیرسٹر سلطان سے گفتگو

جمعہ 8 اپریل 2016 17:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اپریل۔2016ء) )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں انتخابات ہر صورت شفاف اور منصفانہ کرانے کے لئے تحریک چلائی جائے گی وفاقی حکومت کی بے جا مداخلت کو روکنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی عوامی نفرت کے خوف سے دھاندلی پر اتر آئے ہیں۔

لیکن آزاد کشمیر کے غیور عوام دھاندلی نہیں ہونے دیں گے۔ 17 اپریل کو برمنگھم میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرکے انتخابی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔اوورسیئز کشمیریوں کو ووٹ کا حق دیا جائے تاکہ وہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے معاملات میں شامل ہو سکیں۔کشمیر پی ٹی آئی کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس جلد بلا کر ٹکٹوں کے فیصلے کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو ہدایت کی کہ پارٹی میں سختی سے ڈسپلن قائم کیا جائے۔

یہ فیصلے بنی گالہ میں عمران خان اور بیرسٹر سلطان کے درمیان ایک تفصیلی ملاقات میں کیے گئے۔اس موقع پر جہانگیر ترین کشمیر پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر ظفر انور، مرکزی سیکریٹری اطلاعات سردار امتیاز خان بھی موجود تھے۔اس موقع پر عمران خان نے مزید کہا کہ جس طرح نواز شریف دونوں ہاتھوں سے قوم کا خزانہ لوٹ رہا ہے اور پانامہ لیکس پر ہم عوام کو اعتماد میں لیتے ہوئے اس معاملے کوہضم نہیں کرنے دیں گے اور اس دفعہ ہم ڈی چوک نہیں بلکہ راؤنڈ کی طرف مارچ کریں گے۔

کیونکہ شریف خاندان نے دونوں ہاتھوں سے قومی خزانے کو لوٹا ہے مجھے یقین ہے کہ آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں عوام بھی مسلم لیگ ن کو شکست فاش دے کر لٹیروں کو باہر کریں گے۔ پہلے پانچ سال زرداری نے ملک کو لوٹا اور اب گزشتہ تین سال سے نواز شریف بھی اسی کام پر لگا ہوا ہے۔ اب ان لوگوں کو عوام کے سامنے آنا پڑے گا۔اس موقع پر آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیرپی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آزاد کشمیر میں انتخابی مہم اور آزاد کشمیر کے سیاسی معاملات پر چئیر مین پی ٹی آئی کو بریفنگ دی اور دورہء برطانیہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔آئندہ عوامی رابطہ مہم اور انتخابی مہم کے سلسلے میں بھی گفتگو کی گئی۔