کرپشن پاکستان کے مستقبل کیلئے سب سے بڑا چیلنج ہے،حاجی خیال زمان اورکزئی

جمعہ 8 اپریل 2016 16:58

ھنگو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اپریل۔2016ء)کرپشن پاکستان کے مستقبل کے لئے سب سے بڑا چیلنج ہے۔وزیر اعظم پر الزامات کے بعد اپنی مرضی کے ریٹارڈ ججوں پر مشتمل کمیشن عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیشن بنایا جائے۔ ہنگو میں تعلیم ،صحت ،مواصلات اور دیگر شعبوں میں اربوں روپے کے ترقیاتی میگا پراجیکٹ کی تکمیل سے ترقی کی نئی راہیں متعین ہوں گی ۔

پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت غریبوں کو ان کا حق دلا کر دم لے گی ۔ان خیالات کا اظہار ممبر قومی اسمبلی و پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء حاجی خیال زمان اورکزئی نے ہنگومیں سنیئر صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے خیبر پختونخواہ میں کرپشن اور سفارش کلچر کا خاتمہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

تبدیلی نعرے پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے اور بہترین بلدیاتی نظام کی بدولت کونسلرز گلیوں اور نالیوں کی سیاست سے باہر نکل آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع ہنگو میں سیاسی جماعتوں کو گیس مسئلہ پرسیاست کرنے کی ضرورت نہیں ۔ضلع ہنگو کے کھر گھر تک گیس پہنچاناپی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔حاجی خیال زمان اورکزئی نے کہا کہ وزیر اعظم ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کمیشن بنا کر ان کے پیچھے چھپنے کی کوشش نہ کرے اور چیف جسٹس کی سربراہی میں طاقتورکمیشن بنا کر تحقیقات کے لئے کمیشن میں فرانزک ماہرین کو شامل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف مہیا کرنے اور ایک روشن مستقبل دینے کے مشن پر گامزن ہے اور حقیقی معنوں میں صوبے کی عوام کی تقدیر بدلنے کاتہیہ کر رکھا ہے اور حقیقی تبدیلی کے لئے عوام کو متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہوگی۔