چا ئلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو میں قائم چائلڈ پروٹیکشن سکول میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات

جمعہ 8 اپریل 2016 16:49

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اپریل۔2016ء) چا ئلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو، لاہورمیں قائم چائلڈ پروٹیکشن سکول میں سالانہ تقریب تقسیمِ انعامات سال 2015-16کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ان کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل فاطمہ شیخ،ڈائریکٹر پروگرام تانیہ ملک ، سکول پرنسپل فائقہ حفیظ ، سکول اساتذہ اور بچوں نے شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعتِ رسولِ مقبول سے کیا گیا۔

(جاری ہے)

مہمانانِ خصوصی نے سال2015-16 کے امتحانات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے پہلی جماعت سے لے کر پانچویں جماعت تک کے طلبہ اور طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔اس کے علاو ہ کچھ بچوں میں حسنِ کارکردگی کے انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ تقریب کے اختتام پرچیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق نے کہا کہ یہ بچے قوم کا مستقبل ہیں اور تعلیم کے ذریعے یہ بچے قوم اور ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بچوں کو مزید تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی۔ تمام بچوں نے چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا شکریہ ادا کیا اور ان کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔