مالنگا کی فٹنس مسائل کے باعث رواں برس آئی پی ایل میں شرکت مشکوک

جمعہ 8 اپریل 2016 16:07

ممبئی ۔ 8 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 اپریل۔2016ء) سٹار سری لنکن اور دفاعی چیمپئن ممبئی انڈینز کے فاسٹ باؤلر لاستھ مالنگا کی فٹنس مسائل کے باعث انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے نویں ایڈیشن میں شرکت غیریقینی صورت حال کا شکار ہے۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم 9 اپریل کو سپرجائنٹس کے خلاف ٹائٹل دفاع مہم کا آغاز کرے گی۔

(جاری ہے)

ممبئی انڈینز کے کوچ رکی پونٹنگ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مالنگا ابھی تک سو فیصد فٹ نہیں ہوئے تاہم ٹیم نے ابتدائی پانچ میچز تک ان کا انتظار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ضرورت پڑنے پر ان کے متبادل کا اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ مالنگا ابتدائی چند میچز کے بعد ٹیم کو جوائن کر لیں گے تاہم اس وقت کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا، اگر وہ دستیاب نہ ہو سکے تو ان کی جگہ نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر ٹم ساؤتھی اور جنوبی افریقہ کے مرچنٹ ڈی لانگ کو متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کرنے پر غور کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ مالنگا کو آئی پی ایل کی تاریخ میں زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل ہے۔