ہمیں اخلاقی جواز کا درس اور دھرنوں کی دھمکیاں دینے والے اس تاک میں بیٹھے ہیں کہ وہ کب جمہوریت پر شب خون مار سکیں گے

دانیال عزیز کا قومی اسمبلی میں پاناما لیکس سے متعلق تحریک التواء پر اظہار خیال

جمعرات 7 اپریل 2016 22:47

اسلام آباد ۔ 7 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 اپریل۔2016ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا ہے کہ ہمیں اخلاقی جواز کا درس دینے اور دھرنوں کی دھمکیاں دینے والے اس تاک میں بیٹھے ہیں کہ وہ کب جمہوریت پر شب خون مار سکیں گے، اس سے قبل دھاندلی کے الزامات پر بنائے گئے کمیشن کی رپورٹ بھی ان لوگوں نے تسلیم نہیں کی۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں پاناما لیکس پر تحریک التواء پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ ماضی میں ساری جمہوری حکومتیں کرپشن کے الزامات کے تحت برطرف کی گئیں لیکن ان الزامات کو بعد میں ثابت نہیں کیا جا سکا۔ اس کے برعکس 8400 کیسز جن میں کرپشن اور جرم ثابت تھا، ان کو این آر او کے تحت معافی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اخلاقی جواز کا درس دینے اور دھرنوں کی دھمکیاں دینے والے اس تاک میں بیٹھے ہوئے ہیں کہ کب یہ جمہوریت پر شب خون مار سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدالتی کمیشن کا فیصلہ انہوں نے تسلیم نہیں کیا۔ پارلیمنٹ کا گھیراؤ کیا۔ احتساب کے حوالے سے ان کے وہ تمام نعرے کہاں گئے۔ انہوں نے سپیکر سے کہا کہ وہ پاناما پیپرز کے پرنٹ نکلوا کر پارلیمنٹ کی لائبریری میں رکھوائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات مثبت سمت جا رہے ہیں، ایسے وقت میں 18 سال پہلے کی شوریٰ بنا کر قالین نیچے سے کھینچا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شب خون مارا گیا ہے۔ہم اس دستاویز کی تحقیقات کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس ملک سے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہے۔ مسلم لیگ (ن) سب سے آگے ہوگی۔