ہریپور یونیورسٹی کی قریبی آبادی کے مکین مشکلات کا شکار

جمعرات 7 اپریل 2016 22:00

.ہری پور ۔ 7 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 اپریل۔2016ء) ہریپور یونیورسٹی کی قریبی آبادی کے مکین مشکلات کا شکار ہیں، پانی اور نکاسی آب کا انتظام نہ ہونے کے باعث بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ہری پور یونیورسٹی کے قریبی آبادی کے مکینوں نے اپنی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی کے قریب تقریباً پانچ سال سے محلہ اور گلیاں آباد ہیں لیکن ابھی تک کوئی گلی یا سڑک پختہ نہیں کی گئی، گلی اور محلوں میں بارش کی صورت میں پانی جمع ہو جاتا جو تالاب کا منظر پیش کرتا ہے جس کی وجہ سے ڈینگی اور ملیریا جیسی مہلک بیماریاں پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں ہے، اسی طرح 50 اور 25 کے وی کے ٹرانسفارمر لگائے گئے ہیں جو بجلی کی ضرورت پوری کرنے سے قاصر ہیں۔ اہلیان محلہ نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے مسائل کی طرف توجہ دیں۔