الخدمت کے سیکڑوں رضاکار متاثرین بارش کی خدمت میں مصروف ہیں ،محمد عبد الشکور

جمعرات 7 اپریل 2016 21:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 اپریل۔2016ء) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبد الشکور نے کہا ہے کہ الخدمت بارش متاثرین کیلئے بھر پور امدادی کام کر رہی ہے ،سیکڑوں رضا کار خدمت میں مصروف ہیں ،متاثرین کو ریسکیو کر کے ریلیف کا کام کیا جا رہا ہے۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز قدرتی آفات سے بچاؤ کے پروگرام کے تحت خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے سے خطاب میں کہی ،اجلا س میں خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں حالیہ شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات اور الخدمت فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا،اس موقع پرایگزیکٹو ڈائریکٹرشاہد اقبال نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں الخدمت کے سیکڑوں رضاکار ،موٹر بوٹس اور ایمبولینس کی مدد سے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایسے متاثرین جن کا گھر بار اور سامان مکمل طور پر تباہ ہو گئے تھے اُن میں اب تک 333 خشک راشن پیک، 1370 ترپال ،45 خیمے اور 250 لحاف اور بستر تقسیم کر دئیے گئے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے صدرمحمد عبد الشکور نے بارش سے متاثرہ علاقوں میں الخدمت کے سیکڑوں رضاکار لوگوں کی خدمت میں مصروف ہیں۔شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث دیامر سمیت خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع بری طرح متاثر ہوئے ہیں جہاں الخدمت فاؤنڈیشن کی امدادی ٹیمیں متاثرین کی مدد کے لئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے رضا کاروں کے جذبے کی تعریف کی ۔